آفتاب صدیقی کا ریلوے اسکول کا دورہ، مخدوش صورتحال پر اظہار تشویش

نسل نو کے لیے تعلیم اور صحت تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صحت مند ماحول یقینی بنایا جائے، رکن قومی اسمبلی

بدھ 6 فروری 2019 18:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) رکن ایڈوائزری کونسل پاکستان ریلوے اور ایم این اے آفتاب صدیقی اورعطااللہ نے این اے 247 میں واقع ریلوے اسکول ہزارہ کالونی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسکول میں طلبہ طالبات کو مہیا سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈی ایس ریلوے مظہر شاہ اور ڈپٹی ڈی ایس شاہد حسین کو فوری طور پر طلب کیا اور اسکول عمارت کی مخدوش صورتحال، سیوریج کی ناقص لائنز، اسکول کی حدود میں کھڑے گٹر کے پانی اور ابتر حالت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے لیے صاف ستھرا صحت بخش ماحول انتہائی ضروری ہے ، ابلتے گٹر، گندگیوں کے ڈھیر اور تباہ حال کلاس رومز میں بچے ٹھیک طرح زیورعلم سے آراستہ نہیں ہوپائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نسل نو کے لیے تعلیم اور صحت تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسکول انتظامیہ اورریلوے حکام کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر اسکول کی تزئین و آرائش کا بندوبست کیا جائے تاکہ طلبا صحت مند ماحول میں تعلیم حاصل کرسکیں، نیز اسکول کی اپ گریڈیشن کرکے میٹرک سے ہائر ایجوکیشن اور ٹیکنکل کالج کا درجہ دیا جائے۔ اس موقع پر اسکول پرنسپل شہناز صدیقی،سٹیزن فاؤنڈیشن کی راحیلہ فاطمہ شیخ،توقیر احمد،افتخار فاروقی، علی رضا، زاہد اصغر اور دیگر بھی موجود تھے۔