ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرصدارت جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس

کرکٹ، ہاکی، فٹ بال یا کوئی اور گرائونڈ بغیر نکاسی آب کی منصوبہ بندی کے نہیں بنائی جائیگی، نکاسی آب کا سسٹم اس میں ضرور ہوگا کرکٹ گرائونڈز میں کم از کم 3 ٹرف پچز بنائی جائیں اورپچز بنانے کیلئے ماہر کیوریٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں ‘اجلاس سے خطاب

بدھ 13 فروری 2019 19:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2019ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرصدارت بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز نے شرکت کی، افسران نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کو منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے ہدایت کی کہ کوئی بھی گرائونڈ نکاسی آب کے بغیر نہیں بنائی جائے گی، کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال گرائونڈ بناتے وقت اس کے نکاسی آب کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے،نکاسی آب کا سسٹم اس میں ہونا ضروری ہوگا، انہوں نے کہا کہ ای لائبریریز اہم منصوبہ ہے، اس کی جلد ازجلد تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ گرائونڈز میں کم از کم تین ٹرف پچز جبکہ پریکٹس کے لئے سیمنٹڈ پچ گرائونڈ کے ایک طرف بنائی جائیں تاکہ کھلاڑی کو کھیلنے کے لئے مکمل گرائونڈ میسر ہو اور گرائونڈز پریکٹس کے باعث خراب نہ ہوں، کرکٹ گرائونڈز میں پچز بنانے کے لئے ماہر کیوریٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں اور معیاری پچز بنائی جا ئیں،انہوں نے کہا کہ کچھ منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں اور کچھ پر کام جاری ہے، زیرتعمیر ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، افسران زیرتعمیر منصوبوں کی خود نگرانی کریں اور منصوبوں میں جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اجلاس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں، بہت جلد نوجوانوں کو اپنے گھروں کے قریب سپورٹس کی بہترین سہولتیں میسر ہوں گی جس سے نوجوان سپورٹس میں حصہ لے کر صحت مند معاشرے کا حصہ بن سکیںگے۔