معروف گیم ''پب جی'' نے جوڑی بنا دی

پب جی پر ملنے والے لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار، منگنی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 فروری 2019 12:18

معروف گیم ''پب جی'' نے جوڑی بنا دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 فروری 2019ء) : معروف موبائل گیم ''پب جی (PUBG)'' کھیلنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ اس گیم میں دو ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی سے لے کر 100 کھلاڑیوں تک کی ٹیم ہوتی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے جُڑتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جہاز سے زمین پر اُتر کر پہلے اسلحہ تلاش کرتے ہیں اور پھر سامنے والے کھلاڑی کو فائرنگ کر کے مارتے ہیں۔

فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ’چکن ڈنر‘ دیا جاتا ہے۔ تاہم حال ہی میں اس گیم نے دو پریمیوں کو ملا دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نورہان نامی ایک نوجوان نے اپنی منگیتر کے ساتھ تصویر شئیر کی اورکہا ہماری ملاقات پب جی کے ذریعے ہوئی تھی اور اب ہماری منگنی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

نورہان کے اس ٹویٹر پیغام کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔

دراصل پب جی پر یا تو آپ اکیلے کھیل سکتےہیں یا پھر اپنا الگ اسکواڈ تشکیل دے کر کھیل سکتے ہیں۔ نورہان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ اگر ہم اسکواڈ میں کھیلیں تو ہمیں بھی اپنے شریک حیات مل جائیں۔ نورہان کے ٹویٹر پیغام پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک خاتون صارف نے کہا کہ اب میں اپنے بوائے فرینڈ کو مزید پب جی کھیلنے نہیں دے سکتی۔

جبکہ ایک صارف نے پب جی کی دنیا کے اصول کے مطابق تمسخرانہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی منگنی پر کھانے میں چکن نہ ہوا تو میں ان کو خود مار دوں گا۔
کیونکہ پب جی میں فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ’چکن ڈنر‘ دیا جاتا ہے۔ ایک طرف جہاں نورہان کی اس ڈرامائی منگنی پر لوگ حیران ہیں اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں وہیں ٹویٹر صارفین کی بڑی تعداد نے اس جوڑے کو مبارکباد بھی پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔