Live Updates

علی امین گنڈاپور کو چاہیے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں

پختونوں کو وہ وزیراعلیٰ ملا جسکو اڈیالہ جیل سے فرصت نہیں ملتی، بنی گالہ اور اڈیالہ سے حکومت چلانے والوں کو مریم نواز پر انگلیاں اٹھاتے شرم نہیں آتی؟ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2024 23:19

علی امین گنڈاپور کو چاہیے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 اپریل 2024ء) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو چاہیے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں، بنی گالہ اور اڈیالہ سے حکومت چلانے والوں کو مریم نواز پر انگلیاں اٹھاتے شرم نہیں آتی؟ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیرسٹر صاحب اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ ہمیں لگام ڈالنی آتی ہے۔

حلیہ اور زبان اور حرکتیں کے پی کے کی حکومت کی ٹک ٹاکرز، بدمعاشوں اور غنڈوں جیسی ہیں۔ بے شرمی، بے حیائی اور زبان درازی میں فتنہ پارٹی کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کی حکومت بنی گالہ اور اڈیالہ سے چل رہی ہے انکو مریم نواز کے طرز حکومت پر انگلیاں اٹھاتے شرم نہیں آتی؟ مریم نواز پنجاب میں ڈلیور کر رہی ہیں، لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہیں،ان کو اصل تکلیف یہی ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں زبان درازی میں نہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے لے کر ان کے چمچوں تک سب ایک ہی سانچے میں تیار کیے گئے ہیں۔ پوری جماعت کے ایک بھی فرد کی آنکھوں میں حیاء نہیں ہے۔ ان کے منہ میں جو آتا ہے وہ فوراً مغلظات کی شکل میں باہر نکال دیتے ہیں۔ پختونوں نے آپ کو زبان درازی اور چرب زبانی کے لیے ووٹ نہیں دیے۔

پنجاب میں جو سہولیات مریم نواز لوگوں کو فراہم کررہی وہ پختونوں کا بھی حق ہے۔ پختونوں کو وہ وزیراعلیٰ ملا جسکو اڈیالہ جیل سے فرصت ہی نہیں ملتی۔علی امین گنڈاپور کو چاہیے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں۔ مزید برآں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ نواز شریف کا وزیراعظم بننے کا راستہ شہباز نے روکا، ایسا تاثر دیا گیا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے کیلئے بے تاب تھے اس میٹنگ میں موجود تھا جس میں نواز شریف نے اعلان کیا کہ وزارت عظمیٰ شہباز شریف کو دے رہا ہوں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات