وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانیوالے عازمین کیلئے مختلف شرائط کو پورا کرنا لازمی قرار دیدیا

جسمانی اور ذہنی صحت کے معیار پر پورا اترنے ،10فروری 2020ء تک کارآمد انٹر نیشنل مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ رکھنے والے اہل ہونگے

پیر 18 فروری 2019 19:14

وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانیوالے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے امسال سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے والے عازمین کیلئے مختلف شرائط کو پورا کرنا لازمی قرار دیدیا گیا۔ شرائط کے نکات میں کہا گیا ہے کہ صرف وہ پاکستانی مسلمان سعودی عرب روانہ ہو سکیں گے جو فارم میں دئیے گئے جسمانی اور ذہنی صحت کے معیار پر پورا اترتے ہیں او ران کے پاس نادرا کا جاری کردہ کارآمد اصل شناختی کارڈ کم از کم 10فروری 2020ء تک کارآمد انٹر نیشنل مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہوگا ۔

تمام درخواست گزار بشمول حج بدل او رنفل حج ادا کرنے والے سرکاری حج سکیم کے اہل ہوں گے بشرطیکہ انہوںنے پہلے پانچ سالوں (2014سی2018)تک سرکاری حج اسکیم کے تحت حج ادا نہ کیا ہو اور اس ضمن میںصرف خاتون کے محرم کو استثنیٰ حاصل ہوگا تاہم یہ شرط پرائیویٹ حج اسکیم پر لاگو نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

کامیاب درخواست گزاروں کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے او رگروپوں کی بنیاد پر ہوگا ۔

گروپ زیادہ سے زیادہ 14افراد پر مشتمل ہوناچاہیے تاہم انفرادی درخواست گزار کی صورت میں اکیلا شخص بھی ایک گروپ کا حصہ تصور ہوگا۔خواتین کے شرعی محرم بھی انہی کے گروپ سے ہونے چاہئیں۔ عمر رسیدہ اور اور کمزور عازمین حج اپنی مدد کے لئے اپنے گروپ میں سے کسی فرد کو اپنا معاون مقرر کریںگے ۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج درخواستیں25فروری سے 6مارچ 2019ء تک نامزد کردہ بینکوں میںوصول کی جائیں گی اور قرعہ اندازی 8مارچ کو کی جائے گی ۔ کامیابی یا ناکامی کی صورت میں فراہم کئے جانے والے نمبر زپر بذریعہ کال ، ایس ایم ایس یا خط آگاہ کیا جائے گا۔