پاکستان ،مراکش فضائی رابطوں سے سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی روابط ،عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا

پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے وفود کے تبادلوں میں تیزی لائی جائے ،کثیر جہتی تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کی جائیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی مراکشی سفیر سے گفتگو

جمعرات 21 فروری 2019 22:06

پاکستان ،مراکش فضائی رابطوں سے سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی روابط ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان سیاحت کے فروغ کیلئے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کی ضرورت ہے ، فضائی رابطوں سے دونوں ممالک کے عوام کو سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے یہ بات جمعرتات کو مراکش کے سفیر محمد کارمیون سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور مراکش کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے وفود کے تبادلوں میں تیزی لائی جائے اور کثیرجہتی تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار کی جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی شعبوں میں تعاون اور تجارتی رابطہ کاری کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مراکش اور پاکستان آپس میں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور ان تاریخی تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مراکش کے عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر مراکشی سفیر نے پاک مراکش تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :