آسکر ایوارڈز کی تقریب 3 دہائی بعد میزبان کے بغیر ہوگی

ہفتہ 23 فروری 2019 16:32

آسکر ایوارڈز کی تقریب 3 دہائی بعد میزبان کے بغیر ہوگی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) 91 ویں آسکر ایوارڈز میلے کی تقریب 24 فروری کو لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹر سینٹر میں ہوگی۔اس بار آسکر ایوارڈز کی تقریب میں اگرچہ کئی کارنامے پہلے بار ہونے جا رہے ہیں، تاہم اس تقریب کا سب سے اہم کارنامہ یہ ہوگا کہ 30 سال بعد اس خوبصورت تقریب کا کوئی ایک میزبان نہیں ہوگا۔ اس بار آسکر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی کو ایک یا 2 افراد نہیں بلکہ متعدد افراد کریں گے اور ممکنہ طور پر میزبانوں کی تعداد 2 درجن سے زائد ہو سکتی ہے۔

91 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب کے لیے اکیڈمی نے دسمبر 2018 میں میزبان کا اعلان کیا تھا اور امریکی کامیڈین کیون ہارٹ کو اس کے لیے منتخب کیا گیا تھا تاہم انہیں میزبان منتخب کیے جانے کے فوری بعد ہی ان کی پرانی ٹوئیٹس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ ہوگیا اور اداکار کو اپنی پرانی باتوں پر معافی مانگنے کیلئے کہا گیا تھااداکار نے معافی مانگنے کے بجائے آسکر ایوارڈز کی تقریب کی میزبانی چھوڑنے کو اہم سمجھا اور اب یہ تقریب کسی ایک مخصوص میزبان کے بغیر ہی ہوگی۔

(جاری ہے)

شوبز نشریاتی ویب سائٹ اوپرا میگ کے مطابق اس بار آسکر ایوارڈز کی تقریب کسی ایک شخص کے حصے میں نہیں آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق آسکر ایوارڈز کا اعلان کرنے والے اداکار اور شخصیات ہی اس پروگرام کی میزبانی کریں گے اور ممکنہ طور پر ان میزبانوں کی تعداد 2 درجن سے زائد ہوگی۔تقریب کو منعقد کرنے والی آسکر اکیڈمی اور اسے نشر کرنے والے ٹی وی چینل ’اے بی سی‘ کی انتظامیہ پہلی ہی تقریب کو میزبان کے بغیر منعقد کرنے کی تصدیق کر چکی ہے اور اداکار کیون ہارٹ بھی دسمبر 2018 میں ہی آسکر ایوارڈز کی میزبانی کرنے سے معزرت کر چکے ہیں۔

اداکار نے ماضی میں دئیے گئے ہم جنس پرست افراد کے خلاف نامناسب بیانات پر معافی نہیں مانگی اور کہا کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔کیون ہارٹ نے 2009 سے لے کر 2015 تک مختلف اوقات میں ٹی وی انٹرویوز اور اپنی ٹوئیٹس میں ہم جنس پرست افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں غیر فطری قرار دیے جانے سمیت ان کیلئے نامناسب الفاظ کا استعمال بھی کیا تھا۔

کیون ہارٹ نے ٹی وی انٹرویوز کے دوران معروف شخصیات کے بچوں کے ہم جنس پرست ہونے پر بھی تنقید کی تھی۔اگرچہ کیون ہارٹ نے ہم جنس پرست افراد کے خلاف ماضی میں بیانات دیے تھے، تاہم وہ اب بھی اپنے ان بیانات پر قائم رہے اور انہوں نے معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے آسکر کی میزبانی کرنے سے معزرت کی تھی۔کیون ہارٹ کی معزرت کے بعد آسکر انتظامیہ اور اے بی سی ٹی وی انتظامیہ نے تقریب کو کسی خاص میزبان کے بغیر چلانے کے اعلان کیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کسی ایک میزبان کے بغیر ہو رہی ہو، اس سے قبل 1989 میں بھی آسکر کی تقریب متعدد افراد نے کی تھی۔آسکر ایوارڈز کے لیے انتظامیہ نے گزشتہ ماہ 23 جنوری کو نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا۔مجموعی طور پر 24 کیٹیگریز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا۔91 ویں آسکر ایوارڈز کیلئے سب سے زیادہ نامزدگیاں امریکا اور میکسیکو کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی نیٹ فلیکش کی فلم’روما‘ اور ہولی وڈ ڈرامہ فلم ’دی فیورٹ‘ کو ملیں۔

ان دونوں فلموں کو 10 کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا 8 نامزدگیوں کے ساتھ لیڈی گاگا کی پہلی فلم ’اے اسٹار از بارن‘دوسرے نمبر ہے۔گزشتہ برس دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والی فلم ’بلیک پینتھر‘ کو 7 نامزدگیاں ملیں، ’بلیکس مین‘ کو 6 اور ’بوہمین ریسپوڈی اور ‘گرین بک‘ کو پانچ پانچ نامزدگیاں ملیں۔

متعلقہ عنوان :