وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اوایل ایکس کے ساتھ اشتراک

ہفتہ 9 مارچ 2019 20:06

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اوایل ایکس کے ساتھ اشتراک
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2019ء) پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں اشتراک پر مبنی معیشت کوفروغ حاصل ہو رہا ہے، جبکہ اوایل ایکس جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جدید انداز کے کاروباری رابطوں کی سہولیات پیش کر رہے ہیں، جن کے ذریعے شہری اپنی مصنوعات اور اشیاء کی خرید و فروخت باآسانی کر سکتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزارت اس رجحان کو دیکھتے ہوئے، ملک بھر میں اشتراک پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کا عزم رکھتی ہے ، تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے صنعتی ترقی کا وسیع تر مقصد حاصل کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ڈائریکٹر جنرل ذیشان بخاری نے گذشتہ دنوں دبئی میں قائم اوایل ایکس کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور اوایل ایکس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال باجوہ سے ملاقات کی، جس میں اشتراکی معیشت اور ٹیکنالوجی کے منظر نامہ کے حوالے سے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ذیشان بخاری نے اوایل ایکس دبئی میں کام کرنے والے چند پاکستانی افراد سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان سے وعدہ کیا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں ان کی مدد کرے گی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ راستے میں موڑ آجانے سے راستہ ختم نہیں ہو جاتا، لیکن اگر آپ بروقت موڑ نہیں مڑتے تو آپ ناکام ہو سکتے ہیں،پاکستان بھی اس وقت ایسے ہی دوراہے پر پہنچ گیا ہے، جہاں ہمارے پاس منفرد ترقیاتی مواقع موجود ہیں اور ہمیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے، اوایل ایکس جیسے نامور ٹیکنالوجی برانڈ اس موقع پر حکومت پاکستان کو خصوصی معاونت فراہم کر سکتے ہیں،تاکہ وسیع پیمانہ پر معاشی ترقی کو یقینی بنایا جائے۔

وزارت آئی ٹی مستقبل میں اوایل ایکس جیسے دیگر اداروں کے اشتراک سے مزید بہت سی دلچسپ سرگرمیوں کا ارادہ بھی رکھتی ہے ۔ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی سے ، ملک بھر میںنوجونوں کے لئے ملازمت کے مواقع، تعلیمی قابلیت اور استعداد بڑھانے میں بھی کامیابی ہو گی۔