حکومت نواز شریف کی صحت کے معاملے پر سیاست سے گریز کرے، امیر حیدر خان ہوتی

عوام فکر مند ہیں ،حکومت انتہائی اہم ایشو کو سنجیدہ لینے کیلئے تیار نہیں،میڈیکل رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں، فی الفور علاج کی ضرورت ہے، رہنماء اے این پی

پیر 11 مارچ 2019 18:48

حکومت نواز شریف کی صحت کے معاملے پر سیاست سے گریز کرے، امیر حیدر خان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام فکر مند ہیں اور حکومت انتہائی اہم ایشو کو سنجیدہ لینے کیلئے تیار نہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت فراخ دلی کا مظاہرہ کرے صحت کے معاملات ہمیشہ سیاست سے بالاتر ہوتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ انسانیت کے ناطے حکومت مشکلات کھڑی کرنے کی بجائے علاج کی سہولیات فراہم کرے ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر اور تین بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں لیکن ان کی صحت کے حوالے سے حکومت کے تاخیری حربے افسوسناک ہیں،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں اور انہیں فی الفور علاج کی ضرورت ہے،انہوں نے واضح کیا کہ شریف خاندان اور مسلم لیگ کے کارکنوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے لہٰذا حکومت سیاست کی بجائے ان کی قیمتی جان بچانے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔