ماہ رمضان میں 19 مختلف اشیا ء پر پچاس روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائیگی ، چیئر مین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن

یوٹیلیٹی سٹور پر ناقص اشیائے فروخت کرنے کی شکایت آ رہی ہیں، غریب اور خصوصی افراد کیلئے کارڈز جاری کئے جائیں گے،ایک لاکھ راشن بیگ بلوچستان بھر میں تقسیم کئے جائیں گے،1600 افسران کے خلاف نیب میں کیسز ہیں، ذو القرنین علی خان

منگل 12 مارچ 2019 20:26

ماہ رمضان میں 19 مختلف اشیا ء پر پچاس روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائیگی ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2019ء) چیئر مین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ذو ا لقرنین علی خان نے کہاہے کہ ماہ رمضان میں 19 مختلف اشیا ء پر پچاس روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائیگی ، یوٹیلیٹی سٹور پر ناقص اشیائے فروخت کرنے کی شکایت آ رہی ہیں، غریب اور خصوصی افراد کیلئے کارڈز جاری کئے جائیں گے،ایک لاکھ راشن بیگ بلوچستان بھر میں تقسیم کئے جائیں گے،1600 افسران کے خلاف نیب میں کیسز ہیں۔

چیئر مین یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹور کے حوالے سے 95 فیصد خبریں گھر میں بنا کر شائع کی جاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی خواہش ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور کو بہتر کیا جائے، حکومت دو ارب روپے یوٹیلیٹی سٹور کے لئے جاری کریگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹور پر ناقص اشیائے فروخت کرنے کی شکایت آ رہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے فورڈ اتھارٹی کو درخواست کی ہے کہ وہ اپنے معیار سے متعلق بتائیں۔ انہوںنے کہاکہ میری درخواست ہے کہ کسی یوٹیلیٹی سٹور کے ذمہ دار افسر سے پوچھ لیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرے گا ۔ انہوںنے کہاکہ آٹے پر فی کلو چار روپے، چینی پر پانچ روپے سبسڈی دی جائے گی،دال،چاول، کوکنگ آئل، گھی پر بھی سبسڈی دی جائے گی۔

انہوںنے کہاکہ ابھی بتانا مشکل ہے کہ رمضان میں کون سی چیز کتنے روپے میں ملے گی،یوٹیلٹی سٹورز کی ماہانہ آمدن ایک ارب روپے ہے جو بہت کم ہے،سپلائیرز کو 6 سے 8 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ واجبات پچھلی حکومتوں کے ہیں جو ہمیں جہیز میں ملے۔ چیئر مین نے کہاکہ یوٹیلیٹی سٹور کا سلوگن تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ غریب اور خصوصی افراد کیلئے کارڈز جاری کئے جائیں گے،ایک لاکھ راشن بیگ بلوچستان بھر میں تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ای سی سی نے رمضان پیکج کیلئے دو ارب روپے کی منظوری دی ہے،وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اور سستی اشیائے خوردونوش فراہم کریں۔ انہوںنے کہاکہ فوڈ اتھارٹیز کو کہا ہے کہ آپ اپنے سٹینڈرڈز بتائیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں دودھ دنیا کے دیگر ممالک سے دوگنا مہنگا ہے۔انہوںنے بتایا کہ 1600 افسران کے خلاف نیب میں کیسز ہیں۔