موبائل فون کی چوری اب آسان نہیں رہی

موبائل فونز کی چوری روکنے اور چوری شدہ موبائل ریکور کرنے میں معاون ایپلی کیشن تیار کر لی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 مارچ 2019 15:46

موبائل فون کی چوری اب آسان نہیں رہی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مارچ 2019ء) : آج کل کے دور میں جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ویسے ہی موبائل فونز کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ نوجوان نسل مہنگے ترین موبائل فونز رکھتی اور اسے استعمال کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ آئے روز موبائل فونز کی چوری کی خبریں موصول ہوتی ہیں۔ لیکن صوبائی دارالحکومت لاہور میں اب موبائل فون چوری کرنا اتنا آسان نہیں رہا۔

سی سی پی او لاہورنے موبائل فونز کی چوری روکنے اور چوری شدہ موبائل ریکور کرنے میں معاون ایپلی کیشن تیار کر لی ہے ۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار ہونے والی آسان اور زبردست خصوصیات کی حامل E-GADGET مانیٹرنگ سسٹم ایپ کو اینڈرائیڈ اور آئی اوایس سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

پائلٹ موبائل ایپ کے حوالے تعارفی تقریب ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کے دفتر میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی سی سی پی ا و بی اے ناصر تھے ۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر سمیت اعلیٰ پولیس افسران، تاجر رہنما اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ای گیجٹ ایپ کے تحت موبائل فون کے کاروبار سے منسلک افراد خود کو ایپ کے لئے با آسانی رجسٹر کروا سکیں گے ۔ دکاندار ہر شخص کے موبائل فون کا IMEI نمبراس ایپلی کیشن میں لازمی محفوظ کرنے کے پابند ہوں گے اور اس طرح چوری ہونے والے موبائل کا ڈیٹا بیس پولیس کے پاس دستیاب ہوگا۔

چوری ہونے والے موبائل فون کا IMEI نمبر کسی صورت تبدیل نہیں کروایا جا سکے گا اور چور موبائل فون کو کہیں فروخت یا استعمال نہیں کر سکے گا۔ بی اے ناصر نے موبائل ایپ کی تیاری کو ایک انقلاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ایپ کے ذریعے موبائل فونز کی خرید وفروخت کے کاروبار کو تحفظ ملے گا اور شہریوں کو آئے روز موبائل فون چوری ہونے اور اس کی صورت میں ہونے والا مالی نقصان بھی برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔