نیوزی لینڈ حملے پر سینیٹر کا متعصبانہ بیان: انڈونیشیا میں آسٹریلوی سفیر کی طلبی

پیر 18 مارچ 2019 23:42

نیوزی لینڈ حملے پر سینیٹر کا متعصبانہ بیان: انڈونیشیا میں آسٹریلوی ..
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) آسٹریلوی سینیٹر فریزر ایننگ کا نیوزی لینڈ میں سفید فام بالادستی کے نظریات کے حامل شخص کا مساجد پر حملے کا الزام امیگریشن پر لگانے پر انڈونیشیا نے آسٹریلوی سفیر کو طلب کرلیا۔غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سفیر گیری کوئنلن کو کوئنز لینڈ کے سینیٹر فریزر ایننگ کے متعصبانہ ریمارکس کی سخت مذمت کرنے کے لیے اپنے دفتر طلب کیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ جمعے کے روز کرائسٹ چرچ حملے میں 50 مسلمان شہید ہوئے تھے جن میں انڈوشیا کا بھی ایک شہری شامل تھا ، ایک اور زخمی بھی ہے۔مرسودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سفیر کوئنلن نے اعتماد دلایا ہے کہ سینیٹر ایننگ کا بیان آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے جذبات اور اس کی پوزیشن کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ انڈونیشیا نے دہشت گردی کے اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے جس کی نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے کسی بھی حصے میں جگہ نہیں ہے۔