gکامیڈی فلم رانگ نمبر ٹو کا پہلا پوسٹر جاری کردیاگیا

Qفلم میں اس بار دانش تیمور کی جگہ سمیع خان اور سوہائے علی ابڑو کی جگہ نیلم منیر مرکزی کردار ادا کریں گے فلم رانگ نمبر ٹو رواں سال عید الفطر پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی

بدھ 20 مارچ 2019 19:50

ع کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2019ء) رومانس اور کامیڈی سے بھرپور فلم رانگ نمبر کی مقبولیت کے بعد فلم رانگ نمبر ٹو کا پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا۔سال 2015 میں پاکستان فلم انڈسٹری میں کامیڈی فلموں کو مزید پروان چڑھانے کے لیے مزاح سے بھرپور فلم رانگ نمبر ریلیز کی گئی تھی جسے شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی اور فلم بھی بہترین کہانی کی وجہ سے باکس آفس پر 30 کروڑ سے زائد مالیت کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

یاسر نواز کی ہدایت کاری میں بننے والی طنز و مزاح سے بھرپور اس فلم کے سیکوئل کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا جس کے بعد سے فلم میکرز کی جانب سے فلم کا پہلا سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی تھیں اور اب پہلا پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فلم رانگ نمبر ٹو میں اس بار دانش تیمور کی جگہ سمیع خان اور سوہائے علی ابڑو کی جگہ نیلم منیر مرکزی کردار ادا کریں گے، فلم کو اپنے چٹکلوں سے مزاح بخشنے والے محمود اسلم اور جاوید شیخ اس بار بھی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

اس سیکوئل کی خاص بات یہ ہے کہ یاسر نواز پروڈکشن کے ساتھ ساتھ فلم میں بھی مزاح بکھیرتے نظر آئیں گے جن کے ساتھ ان ہی کے بھائی دانش نواز اداکارہ ثنا کے ساتھ نظر آئیں گے۔وائے این ایچ کے بینر تلے بننے والی یہ فلم رانگ نمبر ٹو یاسر نواز اور حسن ضیا کی مشترکہ پروڈکشن میں بنائی جا رہی ہے جس کی کہانی خود یاسر نواز نے تحریر کی ہے جوکہ رواں سال عید الفطر پر ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

متعلقہ عنوان :