محمد نگر میں عجیب الخلقت پراسرار مخلوق کی مبینہ موجودگی نے اہل علاقہ کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا

اہل علاقہ رات گئے اور علی الصبح گھرو ںسے باہرنکلنے سے خوف کھانے لگے،تحقظ فراہم کرنے کا مطالبہ

اتوار 24 مارچ 2019 16:55

محمد نگر میں عجیب الخلقت پراسرار مخلوق کی مبینہ موجودگی نے اہل علاقہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ محمد نگر میں عجیب الخلقت پراسرار مخلوق کی مبینہ موجودگی نے اہل علاقہ کو خوف وہراس میں مبتلا کردیا ،اہل علاقہ رات گئے اور علی الصبح گھروں سے باہرنکلنے سے خوف کھانے لگے۔ تفصیلات کے مطابق محمدنگر کے رہائشی علاقہ میں گزشتہ کئی روز سے عجیب الخلقت پر اسرار مخلوق کی مبینہ موجودگی نے شدید خوف وہراس پھیلا رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز علی الصبح پراسرار مخلوق سے سامنا ہونے پر خوف کے باعث بیمار ہونے والے شکیل حلوائی نے بتایا کہ میں گھر سے نکلا تو مجھے کسی نے آواز دی میں سمجھا شاید کسی نے بی بی پاکدامن مزار کا راستہ پوچھا ہے تاہم جیسے ہی وہ مخلوق میرے قریب آئی جو میرے اوپر جھپٹی لیکن میں وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ فالج کا مریض ہوں لیکن میں اتنی تیز رفتار سے بھاگاکہ مجھے خود یقین نہیں آیا ۔

شہری نے مخلوق کے حلیے بارے بتایا کہ اس کے انتہائی لمبے بال ، ہاتھوں کے بہت بڑے بڑے ناخن اور دانت باہر نکلے ہوئے تھے ۔ اہل علاقہ کے مطابق اس سے قبل بھی کئی لوگ اسے دیکھ چکے ہیں اور خوف کی وجہ سے کئی روز تک بخار میں مبتلا رہے ۔اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے اس علاقے میں پولیس کے اہلکار تعینات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :