انٹرمیڈیٹ کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں اور کچھ طالبعلموں کو انکے انرولمنٹ کارڈز تا حال نہیں مل سکے ہیں،مصطفی کمال

پیر 15 اپریل 2019 20:10

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں اور کچھ طالبعلموں کو انکے انرولمنٹ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے والے بچوں کو انرولمنٹ کارڈ ملنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں اور کچھ طالبعلموں کو انکے انرولمنٹ کارڈز تا حال نہیں مل سکے ہیں، بورڈ انتظامیہ نے طلبہ اور والدین کو سخت ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، امتحانات کی تیاری میں مصروف طالبعلوں کے لیے یہ عمل انکے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے، انہوں نے کہا کہ طالبعلوں کا سال ضائع کر کے والدین سے تعلیم کے نام پر پیسے بٹورنا حکومت کا مقصد معلوم ہوتا ہے، میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے دوران نقل کے رجحان پر تشویش اور مزمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نقل کرنا ایک ایسا ناسور ہے جو پاکستان کے روشن مستقبل کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے، کھلے عام واٹس ایپ گروپس میں پیپرز کی خرید و فروخت اور وقت سے پہلے پرچوں کا آؤٹ ہونا افسوس ناک عمل ہے، حکومت سندھ قانون نافذ کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، وزیرِ تعلیم کو تباہ حال نظام تعلیم اور امتحانات میں نقل رکوانے کی ناکامی پر استعفیٰ دے دینا چاہیے انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لیں اور بچوں کو فوری طور پر انرولمنٹ کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔