ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر کا بحرین کی بندرگاہ میناسلمان کا دورہ

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیرنے AL -43ہیلی کاپٹر کے ساتھ بحرین کی بندرگاہ میناسلمان کا دورہ کیا۔ یہ جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ضمن میں شمالی بحیرہ عرب، خلیج عمان اور خلیج عرب کے علاقوں میں تعینات ہے

پیر 15 اپریل 2019 20:27

ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول تعیناتی کے ضمن میں پاک بحریہ کے جہاز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2019ء) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیرنے AL -43ہیلی کاپٹر کے ساتھ بحرین کی بندرگاہ میناسلمان کا دورہ کیا۔ یہ جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے ضمن میں شمالی بحیرہ عرب، خلیج عمان اور خلیج عرب کے علاقوں میں تعینات ہے۔پی این ایس شمشیر کی تعیناتی کا بنیادی مقصد شمالی بحیرہ عرب میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز انجام دینا ہے تاکہ سمندری علاقے کو عالمی تجارت کیلئے محفوظ اور پُرامن بنایا جائے۔


مینا سلمان بندرگاہ آمد پرپاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر کو رائل بحرین نیول فورسزنے گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔پاکستان کے نیول ، ائیر اتاشی ، کثیر تعداد میں رائل بحرین نیول فورسز کے آفیسرز بشمول رائل بحرین نیول فورسز کے سینئرنیول نمائندگان اور رابطہ آفیسرز نے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)


مینا سلمان بندرگاہ میں قیام کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسرنے کمانڈر رائل بحرین نیو ل فورسز اور بحرین میں تعینات پاکستان کے سفیر سے ملاقات کی۔

کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز سے ملاقات کے دوران ،پی این ایس شمشیر کے کمانڈنگ آفیسر نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بحرین کی بحریہ اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کا مظہر ہے۔ دورے کے دوران ، پی این ایس شمشیر کے کمانڈنگ آفیسر نے دیگر آفسرز کے ہمراہ ہیڈ کوارٹرز یو ایس نیو سینٹ(HQs US NAVCENT) میں ٹاسک فورس 150-کی منعقدہ تبدیلیُ کمانڈ کی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں پاک بحریہ نے رائل کینیڈین نیوی سے کمبائندٹاسک فورس150- کی کمانڈ سنبھالی ۔
پی این ایس شمشیر پر ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیاجس میں کمانڈر رائل بحرین نیول فورسز ،رئیر ایڈمرل یوسف العاصم نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ایک کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی جس میں بحرین میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب عزت مآب افضال محمود،یو ایس نیو سینٹ / یو ایس این ففتھ فلیٹ کے وائس کمانڈر رئیر ایڈمرل ڈاؤگ بیل(Daug Beal) اور ٹاسک فورسز 150 اور 151 کے کمانڈرز شامل تھے۔

،HMS MONTROSE،HMS BLYTH اور HMS BALLARATکے کمانڈنگ آفیسرز اورکمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے اعلیٰ عہدیداران بشمول آسٹریلیا،برازیل، کینیڈا ، جبوتی،مصر،جرمنی،عراق،جاپان،ہالینڈ،ناروے،فلپائن،سنگاپور،سپین،تھائی لینڈ،انگلینڈ،امریکہ،اور یمن کے نیول فورسز کے اعلیٰ عہدیداران بھی تقریب میں شریک تھے۔۔خطاب کے دوران ،پی این ایس شمشیر کے کمانڈنگ آفیسر نے حاظرین کو آگاہ کیاکہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی کی روشنی میں پاک بحریہ سال 2004سے کمبائنڈ میری ٹائم فورس میں تسلسل کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہی ہے اوربین الاقوامی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

کمانڈنگ آفیسر نے پاکستان اور بحرین کی عوام اوربالخصوص بحری افواج کے مابین باہمی تعلقات میں فروغ کے لئے امیدکا اظہار کیا۔

 دورے کے آخر میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر اور بحرین نیول فورسز کے جہاز RBNS AL FAHDL کے مابین بحرین کے پانیوں میں مشق کا انعقاد کیا گیا۔مشق کے بعد ،پی این ایس شمشیر نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کردیا۔

یہ جہاز کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150- کے زیرنگرانی بھی آپریشنز سرانجام دے گا۔
پاکستان اور بحرین مشترکہ مذہبی اور بھائی چارے کے تعلقات کے لازوال بندھن میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیرکا یہ دورہ پاک بحریہ اور رائل بحرین نیول فورسز کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات میں بہتری کا باعث بنے گا۔  ڈائریکٹر جنر ل پبلک ریلیشنز (نیوی)