Live Updates

تہران میں 3 روزہ پاکستانی ثقافتی میلے کا آغاز

دونوں ملک 2021 ء تک باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، ایرانی وزیر تجارت رضا رحمانی کی گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2019 11:47

تہران میں 3 روزہ پاکستانی ثقافتی میلے کا آغاز
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) ایرانی دارالحکومت تہران میں پاکستان کے تین روزہ ثقافتی میلے کا آغاز ہوگیا ۔ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق تہران کے میلاد ٹاور میں شروع ہونے والے پاکستانی ثقافتی میلے کا افتتاح ایران کے وزیر صنعت و تجارت رضا رحمانی نے کیا اور مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر رفعت مسعود نے ملک کی ترقی اور باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سکیورٹی کو مضبوط بنانے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان اورایران کی قیادت کے درمیان اچھے رابطے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی سلامتی کے لیے اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ ایرانی وزیر صنعت و تجارت نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہت گہرے اور تاریخی ہیں جس نے باہمی تعلقات کے فروغ کی مضبوط بنیادیں فراہم کردی ہیں۔

(جاری ہے)

رضا رحمانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان فری ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے بعد دونوں ممالک 2021 ء تک باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

اس موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے ثقافتی ورثے کی نمائش بھی کی گئی جبکہ مختلف فنکاروں نے لوک موسیقی کا بھی مظاہرہ کیا۔تقریب میں ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان، اعلی سول اور فوجی عہدیداروں اور مختلف ملکوں کے سفیروں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات