امارات میں مردوں کا مساج مرد اور عورتوں کا مساج عورتیں ہی کر سکیں گی

انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر مساج سنٹرز میں کیمرہ نصب کرنے پر پابندی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اپریل 2019 13:48

امارات میں مردوں کا مساج مرد اور عورتوں کا مساج عورتیں ہی کر سکیں گی
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات اور میونسپلٹیز کی جانب سے امارات بھر میں واقع خواتین کے مساج پارلرز کو صحت اور صارفین کے تحفظ سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے تحت خواتین کے لیے مخصوص کسی بھی مساج پارلر میں مردوں کو نوکری پر نہیں رکھا جائے گا۔ اگر کوئی مساج پارلر اس ہدایت کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اُسے پانچ ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اسی طرح مردوں کے لیے مخصوص مساج پارلرز میں اگر کسی خاتون کو ملازمت دی گئی تو ایسے مساج پارلرز کو بھی جرمانے کی مد میں اتنی ہی رقم ادا کرنا ہو گی۔ اس طرح مردوں کا مساج مرد اور خواتین کا مساج صرف خواتین ہی کر سکیں گی۔ اگر کسی مساج پارلر میں خواتین اور مرد دونوں کے لیے مساج کی سہولت فراہم کی گئی ہے، تو ایسی صورت میں خواتین اور مردوں کے لیے داخلے کا راستہ الگ الگ ہو گا، اس کے علاوہ مردوں اور خواتین کے لیے مساج کے اوقات بھی الگ الگ ہوں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ مساج پارلرز کی جانب سے تشہیر پر بھی پابندی عائد کی گئی اور اس نوعیت کی تشہیر کو مملکت کی روایات اور عوامی اخلاقیات کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات میں ایک اہم ہدایت یہ ہے کہ کسی مساج پارلر میں متعلقہ انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر سیکیورٹی کیمرہ نصب نہیں کیا جائے گا۔ تمام مساج پارلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساج کے عمل میں استعمال ہونے والے اوزاروں اور آلات پر جراثیم کُش ادویات کا استعمال ضرور کریں۔ ہر گاہک کے مساج کے دوران استعمال ہونے والے تولیے اور بیڈ شیٹس کا بدلنا بھی ضروری ہو گا۔

متعلقہ عنوان :