ڈیرہ اسماعیل خان،شہر وگردونواح میں سنوکرکلبوں کی آڑ میں جوئے کا دھندہ عروج پر

جمعرات 18 اپریل 2019 18:57

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) شہر وگردونواح میں سنوکرکلبوں کی آڑ میں جوئے کا دھندہ عروج پر نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خاموشی اختیار کرلی ۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح میں سنوکر کلبوںکی آڑ میں جوئے اور منشیات کا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے ۔سنوکر کلب رات دیر تک کھلے رہنے کی وجہ سے راہگیروںخصوصاًخواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

شہر کے گلی محلوںمیںموجود سنوکر کلبوں پرموجود جرائم پیشہ نوجوان رات گئے گھروں کو لوٹنے والے محنت کشوں سے موبائل ،نقدی وغیرہ چھین لینا اپنا قانونی حق سمجھتے ہیں جبکہ سنوکر کلبوں کی وجہ سے نوجوان نسل کا مستقبل بھی تباہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

سکولوں کالجون کے لڑکے کلبوں میں وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہر میں موجود متعدد سنوکر کلبوں کے مالکان راتوں رات کروڑ پتی بننے کی غرض سے آنے والے نوجوان کو چرس ،ہیروئن ،شراب ،آئس وغیرہ بھی فروخت کرنے سے گریز نہیں کرتے جس کی وجہ سے سنوکر کلب جرائم کی نرسیوں کا روپ دھا ر چکے ہیں ۔

بچوں کے والدین نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور ضلع بھر میں قائم تمام سنوکر کلبوں کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروائے جائیں جس کا کنٹرول پولیس اور 15 کے دفتروں سے منسلک ہو تاکہ سنوکر کلبوں پرہونے والی حرکات پر کڑی سے کڑی نظر رکھی جاسکے اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔