وفاقی کابینہ میں رد و بدل ، پاکستان تحریک انصاف میں گروپنگ کے لیے 3 سیاسی جماعتیں متحرک ہو گئیں

تین سیاسی جماعتوں نے اہم رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے شروع کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 12:37

وفاقی کابینہ میں رد و بدل ، پاکستان تحریک انصاف میں گروپنگ کے لیے 3 سیاسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : وفاقی کابینہ میں حال ہی میں کی جانے والی رد و بدل نے پاکستان تحریک انصاف کے اندر بھی ایک بے چینی پیدا کر دی ہے۔ جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے اس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے اندر گروپنگ کے لیے رابطے شروع کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق )وفاقی وزرا کی تبدیلی کے بعد پنجاب کی کابینہ میں بھی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

صوبائی وزرا کی ممکنہ تبدیلی سے فائدہ اُٹھانے اور پاکستان تحریک انصاف کے اندر گروپنگ پیدا کرنے کے لیے تین سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما متحرک ہو گئے ہیں۔ با وثوق ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن ، پیپلزپا رٹی ، اور جمعیت علما اسلام (ف) کے چند اہم رہنماؤں نے باقاعدہ طور پر پاکستان تحریک انصاف میں گروپنگ پیدا کرنے کے لیے کام بھی شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک طرف تو حکومت کے خلاف پراپیگنڈہ اور دوسری جانب وزارتوں سے فارغ ہونے والے وفاقی وزرا اور ان کے حمایتی اراکین اسمبلی سے مختلف طریقوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر گروپ بندی کی جائے ۔ تینوں سیاسی جماعتوں کے رہنما فارغ ہونے والے وفاقی وزرا اور ان کے گروپ سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے قریبی حلقوں کے ذریعے ان سے رابطوں کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس ضمن میں باقاعدہ ان تینوں سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا کے ماہرین سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ایسا پراپیگنڈ ہ کر رہے ہیں کہ وزارتوں سے فارغ اراکین اور جن کی وزارتیں تبدیل کی گئی ہیں ان کے خلاف سوشل میڈیا پر ایسا پراپیگنڈہ ہو کہ وہ غصہ میں یا تو ایسا سخت بیان دے دیں جس سے ان کی خود پارٹی سے چُھٹی ہو جائے یا پھر پارٹی کے اندر ان کے بیان سے گروہ بندی واضح ہو جائے ۔