رواں عمرہ سیزن کے دوران اب تک 50لاکھ افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی

عمرہ زائرین میں اس بار بھی پاکستانی سرفہرست ٹھہرے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 اپریل 2019 13:10

رواں عمرہ سیزن کے دوران اب تک 50لاکھ افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل 2019ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی یکم محرم الحرام سے لے کر اب تک 59 لاکھ افراد کو عمرہ ویزہ جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے 50 لاکھ سے زائد کلمہ گو افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ جبکہ مملکت میں اس وقت موجود معتمرین کی گنتی 4 لاکھ 56 ہزار 903 ہے۔

جن میں سے مکّہ میں موجود افراد کی گنتی 3 لاکھ 14 ہزار 305ہے، جبکہ مدینہ منورہ میں موجود معتمرین کی گنتی 1 لاکھ 42 ہزار 598 ہے۔ وزارت کے مطابق اس بار 48 لاکھ 97 ہزار 148 عمرہ زائرین فضائی سفر کے ذریعے مملکت تشریف لائے، زمینی راستوں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 5لاکھ 25 ہزار335ہے جبکہ سمندری راستوں سے آنے والوں کی تعداد 66 ہزار 219 ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

معتمرین کی خدمات کے لیے اس وقت 10,533 سعودی اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں، جن میں سے مردوں کی گنتی 8,720 ہے جبکہ خواتین کی تعداد 1,813 ہے۔ وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 12 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 9 لاکھ ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے ساڑھے چار لاکھ سے زائد معتمرین آئے ہیں۔