یوکرین کے مزاحیہ اداکار حیر ت انگیز طور پرملک کے صدر منتخب ہوگئے

پیر 22 اپریل 2019 21:58

یوکرین کے مزاحیہ اداکار حیر ت انگیز طور پرملک کے صدر منتخب ہوگئے
کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) یوکرین کے مزاحیہ اداکار ویلودومیر زیلنسکی نے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں بھی بڑی کامیابی حاصل کرکے موجودہ صدر کو شکست دے دی اور اب وہ ملک کے صدر کی حیثیت سے منصب سنبھال لیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زیلنسکی کا سیاست میں کوئی پس منظر نہیں ہے اور انہیں صرف ٹی وی کے ایک شو میں صدر کا کردار ادا کرنے کا تجربہ ہے تاہم انہوں نے صدر پیٹرو پورشینکو کو 73 فیصد ووٹ حاصل کرکے شکست دی ہے۔

صدارتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کئی تھنک ٹینکس کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کی گئی جس زیلنسکی کو واضح کامیابی حاصل ہوئی۔رپورٹ کے مطابق مذاق کے طور پر شروع ہونے والی انتخابی مہم اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہے جہاں ووٹرز نے غربت، کرپشن مشرقی سرحد میں جاری پانچ سالہ جنگ کے نتیجے میں 13 ہزار جانوں کے ضیاع کے بعد تنگ آکر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

سرونٹ آف دی پیپل کے نام سے ٹی وی سیریز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے 41 سالہ زیلنسکی اب 4 کروڑ 50 آباد کے حامل ملک کے صدر کی حیثیت حکومت سنبھال لیں گے جہاں ان کے لیے کئی امتحان اور گمبھیر ترین سیاسی حالات کا سامنا ہوگا۔کامیابی کے بعد زیلنسکی کے حامیوں نے ان کی مہم کے مرکز میں جشن منایا اور اپنے خطاب میں زیلنسکی کا کہنا تھا کہ 'میں آپ لوگوں کو مایوس نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک میں باقاعدہ طور پر صدر نہیں ہوں لیکن یوکرین کے شہری کے طور پر سویت یونین سے نکلنے والے تمام ممالک کو کہہ سکتا ہوں کہ ہماری طرف دیکھیی! سب کچھ ممکن ہے۔انتخابی نتائج کے مطابق زیلنسکی نے ملک کے تمام ریجنز میں کامیابی حاصل کی اور صدر پوروشینکو کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انہیں ملک کے مغربی علاقوں میں زبردست حمایت حاصل تھی۔

متعلقہ عنوان :