سری لنکا دھماکوں میں بھارت اور تامل ٹائیگرز کے ملوث ہونے کا انکشاف، ثبوت مل گئے

بھارت سری لنکا کے چین کی طرف جھکاؤ سے نا خوش تھا اور اس حوالے سے بھارتی خفیہ ایجنسی را سری لنکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اپریل 2019 12:05

سری لنکا دھماکوں میں بھارت اور تامل ٹائیگرز کے ملوث ہونے کا انکشاف، ..
سری لنکا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں میں بھارت اور تامل ٹائیگرز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، یہی نہیں بلکہ اس حوالے سے کئی ثبوت بھی موصول ہو گئے ہیں۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق با وثوق ذرائع نے بتایا کہ سری لنکا دھماکوں میں دہشت گرد تنظیم تامل ٹائیگرز کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں ۔

بھارت سری لنکا کے چین کی طرف جھکاؤ سے نا خوش تھا اور اس حوالے سے بھارتی خفیہ ایجنسی را سری لنکا میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی۔ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس دہشت گردی کے پیچھے ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جس دہشت گرد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے کہ سری لنکا میں ہونے والا خود کش حملہ اس نے کیا، اور اس کا تعلق پاکستان سے ہے سراسر جعلی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ویڈیو بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را نے پاکستان کا نام بدنام کرنے کے لیے اور پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کو خراب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر سازش کے تحت پھیلائی۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کی منصوبہ بندی کے تحت جس وقت سری لنکا میں یہ دھماکے ہوئے تو اس کے آ ٹھ منٹ بعد تمام بڑے بھارتی میڈیا پر یہ خبر چلا دی گئی کہ ان دھماکوں میں جو خود کش حملہ آ ور اور ما سٹر مائنڈ ہیں ، ان کا تعلق پاکستان سے ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک تیر سے دو شکار کرنے کی کوشش کی لیکن دھماکوں سے متعلق اہم ترین انکشافات اور ثبوت سری لنکن ایجنسیوں کے پاس آ چکے ہیں جس میں یہ چیز سامنے آئی ہے کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ہے ، اس حوالے سے جو ویڈیو اور ایک تنظیم کی جانب سے حملہ کی ذمہ داری کا بیان سامنے لایا گیا وہ بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را کی منصوبہ بندی کا ہی حصہ تھا کیونکہ اسی طرح پلوامہ حملہ کی جعلی ویڈیو اور جعلی بیان سامنے لایا گیا تھا ۔

واضح رہے کہ سری لنکن دہشت گرد تنظیم تامل ٹائیگرز کو ماضی میں بھی بھارتی فنڈنگ حاصل رہی جبکہ دہشتگردی تنظیم کے دہشت گردوں کی ٹریننگ بھی بھارتی خفیہ ایجنسی را ہی کرتی رہی ہے ۔ یاد رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والے خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 310 تک پہنچ چکی ہے۔