سری لنکا میں سوگ، منگل کو قومی سطح پر 3 منٹ کی خاموشی اختیار ،

ہلاک ہونے والوں کی تعداد 310 ہو گئی، مزید افراد گرفتار

منگل 23 اپریل 2019 14:05

سری لنکا میں سوگ، منگل کو قومی سطح پر 3 منٹ کی خاموشی اختیار ،
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) سری لنکا میں منگل کو دہشتگرد حملوںمیں تقریباً 300 افراد کی ہلاکت کے سوگ میں قومی سطح پر 3 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔منگل کو سری لنکا کے مقامی وقت کے مطابق8:30 بجے 3 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس دوران قومی پرچم اور افراد کے سر سرنگوں رہے ۔گزشتہ اتوار کو صبح 8:30 بجے پہلا دہشتگرد بم دھماکاسینٹ اینتھونی شرائن میں ہوا تھا۔

(جاری ہے)

سری لنکن حکومت کی جانب سے منگل کو سوگ کے دوسرے روز بھی تمام شراب خانے بند رکھنے کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے قومی ٹی وی اور ریڈیو پر طربیہ موسیقی بجائی گئی۔تین منٹ کی خاموشی کے دوران سینٹ اینتھونی شرائن میں شمعیں روشن کی گئیں اور لوگوں نے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر اپنے آنکھیں بند کر کے مرنے والوں کو یاد کیا۔دریں اثناء سری لنکن پولیس نے بتایا ہے کہ دہشتگرد حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 290 سے بڑھ کر 310 ہو گئی ہے۔ان حملوں میں 500 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار کیئے جانے والے افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے۔