تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 24 اپریل 2019 12:58

تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کی چیئرپرسن سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ نہیں ہوا ،سکولوں کے گوداموں سے ہزاروں درسی کتابیں غائب ہوگئیں۔ ڈسٹرکٹ لاہور کے اکثر سکولوں میں جماعت اول سے ساتویں تک کی کتابیں موجود نہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کے 128 گوداموں سے کتابیں غائب ہونے کا انکشاف ہو ا ہے۔ ڈسٹرکٹ لاہور کے سکولوں میں مختلف کلاسوں کی کتابیں موجود نہیں۔ طالبعلم کتابوں کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے مختلف اضلاع کی جانب سے کتابوں کی تقسیم کے ادارے پی ایم آئی یو کو مزید کتابوں کی درخواست کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جوابی مراسلے میں پی ایم آئی یو کا کہنا ہے کہ سکولوں کو ضرورت سے زیادہ کتابیں فراہم کی گئیں۔

پی ایم آئی یو کا مزید کہنا ہے کہ سکول انفارمیشن سسٹم سے انرولمنٹ کو دیکھتے ہوئے کتابیں دی گئیں۔ لاہور ڈسٹرکٹ میں ضرورت سے 35 ہزار زائد کتابیں فراہم کی گئیں۔ دوسری طرف لاہور کے اکثر سکولوں میں کتابیں موجود نہیں ہیں۔ اساتذہ سوال کررہے ہیں کہ ایک طرف پی ایم آئی یو کا کہنا ہے کہ ضرورت سے زیادہ کتابیں فراہم کی گئیں ہیں۔گزشتہ سال بھی سکولوں کی کتابیں غائب ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔