لاہور، پاکستان کے پہلے موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

سرور فائونڈیشن کے تحت جیلوں میں ہیپاٹائٹس میں مبتلا 30 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے، اہلیہ گورنر پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

منگل 30 اپریل 2019 16:17

لاہور، پاکستان کے پہلے موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2019ء) گورنر پنجاب کی اہلیہ پروین سرور نے لاہور کے علاقے ڈیوائن گارڈن میں پاکستان کے پہلے موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ جس کے ذریعے آلودگی سے متاثرہ علاقوں کو آرسینک سمیت جراثیم سے پاک 2 ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سہیل احمد،چوہدری اسلم،میاں افتخار،سجاد احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اہلیہ گورنر پنجاب و سرور فائونڈیشن کی چیئرپرسن پروین سرور نے کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا واٹر فلٹریشن پلانٹ ہے جس پر 60لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم مستقبل میں صوبہ بھر میں اس طرح کے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واٹر فلٹریشن پلانٹ 2ہزار لیٹر پانی کو صاف بنانے کی استعداد رکھتا ہے اور ہم اس صاف پانی کو آلودہ پانی اور ہیپاٹائٹس سے متاثرہ علاقوں کو فراہم کریںگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سرور فائونڈیشن نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں مجموعی طور پر 172واٹر فلٹریشن پلانٹس تعمیر کئے ہیں، اسی طرح سرور فائونڈیشن نے ’’ہیپاٹائٹس سے بچائو کے پروگرام‘‘ کا بھی آغاز کیا ہے کیونکہ ہیپاٹائٹس جیسا موذی مرض عام طور پر آلودہ اور غیر شفاف پانی سے پیدا ہوتا ہے، اس پروگرام کے تحت مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا مفت علاج بھی کیا جا رہا ہے جبکہ اس پروگرام کا دائرہ کار جیلوں تک بڑھایا گیا ہے جہاں ہیپاٹائٹس میں مبتلا قیدیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جیلوں میں اب تک ہیپاٹائٹس کی30ہزار سے زائد مریضوں کے معائنے کے ساتھ ساتھ ان کا علاج بھی کیا گیا ہے۔