ڈاکٹرذوالفقاربھٹہ کو اسلامک ریلیف کینیڈاکی جانب سے ابن سینا اسکالر گلوبل چائلڈ کی نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

بدھ 1 مئی 2019 15:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2019ء) ڈائریکٹر گلوبل چائلڈ ہیلتھ سک کڈز ڈاکٹرذوالفقاربھٹہ کو اسلامک ریلیف کینیڈاکی جانب سے انکے تجربات اورچائلڈ ہیلتھ شعبے میں انکی خدمات کے باعث ابن سینا اسکالر گلوبل چائلڈ کی نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔گزشتہ روز کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اسلامک ریلیف کینیڈا کی جانب زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان پر بھرپوراعتماد کا اظہارکیا گیا ہے ۔

اس موقع پرڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ نے کہا کہ ابن سینا اسکالر میرے لیے بہت بڑے اعزازکی بات ہے کیونکہ ابن سینا کا نام اسلامک تاریخ میںان عظیم ہستیوں میں شامل ہوتا ہے جنہوں نے تاریخ کا رخ بدل دیا اورا بن سیناکے نام پر اسکالردیا جانے میرے لیے واقعی بڑا اعزازہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک میںبچوں اورعورتوں کی صحت کے حوالے سے ہم بہترین اندازمیں کام کررہے ہیں اوربالخصوص ان علاقوں میںجہاں جنگ کی وجہ سے افراتفری ہے جسکی وجہ سے عورتوں اوربچوں کو صحت کے حوالے سے بڑے مسائل کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرذوالفقاربھٹہ نے کہا کہ ابن سینا اسکالر کے ذریعے ہم تمام اسلامی ممالک میں اسکالرز کا ایک نیٹ ورک بنانا چاہتے ہیں جسکے ذریعے عورتوں اوربچوں کو طبی امداد سمیت دیگرپیچدگیوں کو حل کرنے کا کام کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابن سینا اسکالر ایک اعزازی پوزیشن ہے اور ہم ابن سینااسکالرکے ذریعے اپنے ملک پاکستان میں بھی عورتوں اوربچوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا کی خواہش کو پورا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پرچیف سینٹر برائے گلوبل چائلڈ ہیلتھ ڈاکٹر اسٹن زوکین،اسلامک ریلیف کینیڈا بورڈ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرح خان،چیف ایگزیکٹو آفیسر سک کڈز فاونڈیشن ٹیڈ گرائیڈ،قونصل جنرل پاکستان عمران احمد صدیقی اور قونصل جنرل آف ترکی آردینز سین ،پروفیسرشمیم شیخ،سمیر ڈوسل، سینئر جرنلسٹ ٹورنٹو محبوب شیخ، ڈاکٹر عاصم ،ڈاکٹر اختر حمید سمیت کینیڈین پاکستانی اوریجن اور کینیڈین اعلی عہدو ں پر فائز کینیڈین نے پہلے پاکستانی کینیڈین اوریجن ڈاکٹر ذوالفقاربھٹہ کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ ابن سینا اسکالر پاکستان کے لیے بڑے اعزازاور فخر کا باعث ہے ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرذوالفقار بھٹہ بیمار بچوں کو طبی خدمات فراہم کرنے والے ادارے سک کڈز گلوبل چائلڈ ہیلتھ کے بطورکوڈائریکٹرز کے طور پراپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور دنیا بھی میں انکی کئی خدمات پر انکو لاتعداد اعزازات سے نوازاجاچکا ہے ۔