استنبول میں قطر کے زیر انتظام شامی اپوزیشن ٹی وی چینل کا سربراہ برطرف

ایک روز قبل قطر نے اپنے دوحہ سینٹر فار میڈیا فریڈم کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا،میڈیارپورٹ

بدھ 1 مئی 2019 16:37

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2019ء) قطر نے استنبول میں اپنے ٹی وی اسٹیشن کے ڈائریکٹر کو برطرف کر دیا ہے۔ ایک روز قبل قطر نے اپنے دوحہ سینٹر فار میڈیا فریڈم کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے ٹی وی اسٹیشن کے ڈائریکٹر انس ازرق نے اپنی برطرفی کی وجوہات کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔

اسٹیشن کا آغاز مارچ 2018 میں ہوا تھا۔ازرق نے اپنے مستعفی ہونے کے بیان میں قطری ذمے داران کو نظر انداز کر دیا۔ انہوں نے صرف اسرائیلی پارلیمنٹ کے سابق رکن عزمی بشارہ کو سراہنے پر اکتفا کیا اور منصوبے پر بشارہ کا شکریہ ادا کیا۔فیس بک پر اپنی پوسٹ میں ازرق نے لکھا کہ سیریا ٹی وی کے انتظامی امور سے میرے استعفے کو قبول کر لیا گیا ، وہ چینل جس کی تاسیس میں حصہ لینا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

میں اس منصوبے کے سرپرست عرب دانش ور ڈاکٹر عزمی بشارہ ، کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور ٹی وی اسٹیشن میں اپنے دوستوں کا ممنون اور مشکور ہوں۔مذکورہ ٹی وی اسٹیشن اپنے سیاسی منصوبے میں اعلان کردہ وعدے کے مطابق کامیابی کو یقینی نہ بنا سکا۔ اس حوالے سے اسٹیشن کے ایک کارکن نے جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کو جانچنے کے لیے ایک برس کی عمر ناکافی رہی۔ایک دوسری رائے یہ بھی ہے کہ ٹی وی اسٹیشن کی عدم کامیابی کے پیچھے چینل سے تعلق رکھنے والے میڈیا پرسنز کے درمیان شدید اختلافاتکا ہاتھ ہے۔ چینل میں الاخوان کے ہمنوا کارکنوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا جن کو دمشق میں بشار حکومت سے ہمدردی رکھنے والی چینل انتظامیہ کے ساتھ اختلاف تھا۔