پولیو خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،موذی مرض کے خاتمے پر جن لوگوں نے اچھا کام کیا خود رابطہ کروں گا، ظفر مرزا

ہمیں پولیو کے خاتمے کی مہم کو قومی زمہ داری کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا، وزیر مملکت برائے صحت کی قومی کمیٹی کو بریفنگ

جمعرات 2 مئی 2019 13:18

پولیو خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،موذی مرض کے خاتمے پر جن لوگوں نے اچھا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2019ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرمملکت صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایاہے کہ پولیو خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،دنیا میں صرف تین ممالک میں پولیو وائرس موجود ہے،پولیو کے خاتمے پر جن لوگوں نے اچھا کام کیا ان سے خود رابطہ کروں گا۔جمعرات کو سینیٹر عتیق شیخ کی صدارت میں قومی صحت خدمات کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔

وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پولیو کا خاتمہ قومی زمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ پولیو کے خاتمے پر جن لوگوں نے اچھا کام کیا ان سے خود رابطہ کروں گا۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں صرف تین ممالک میں پولیو وائرس موجود ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں پولیو کے خاتمے کی مہم کو قومی زمہ داری کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راجہ امجد اور ڈاکٹر مطاہر شاہ کا مسئلہ حل ہو چکا ہے۔

سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ پمز کے ڈاکٹروں کی کئی سال گذرنے کے باوجود پروموشن نہیں ہو رہی۔سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ پمز کے 172 ڈاکٹروں کا مسئلہ ہے۔سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ قائمہ کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے پمز کے ڈاکٹروں کی صوبوں کی واپسی کے معاملے پر سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ بعض ڈاکٹروں کی پروموشن ہوئی اور بعض کی نہیں جا رہی۔

انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر کمیٹی بنائی تھی جو ڈاکٹروں کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ اٹارنی جنرل آف پاکستان تحریری طور پر ریاست کا موقف واضح کر چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اٹارنی جنرل آف پاکستان نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو ڈاکٹروں کے حق میں قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ سیکرٹری صحت چھوٹے صوبوں کے ڈاکٹروں کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سیکرٹری صحت اس معاملے میں پارٹی بنے ہوئے ہوئے ہیں۔سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہاکہ پارلیمان اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔سینیٹر عتیق شیخ نے کہاکہ وزارت اس معاملے پر آئندہ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کرے۔