بلوچستان میں امن وامان کے قیام اور قانون کے عملداری کی بحالی کیلئے بلوچستان لیویز فورس کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے، بلوچستان لیویز فورس کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے لیویز فورس کے استعداد کار کو بڑھانے، جدید آلات سے لیس کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت میں بہتری لانے کے لئے قابل عمل اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو

بدھ 8 مئی 2019 23:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2019ء) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام اور قانون کی عملداری کی بحالی کیلئے بلوچستان لیویز فورس کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہی- بلوچستان لیویز فورس کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے لیویز فورس کی استعداد کار کو بڑھانے، جدید آلات سے لیس کرنے اور پیشہ ورانہ مہارت میں بہتری لانے کے لئے قابل عمل اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں- ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بلوچستان لیویز ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر حکام اور اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا- صوبائی وزیر داخلہ نے لیویز ہیڈکوارٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور امن کے قیام کے لئے اپنی جانوں کو قربان کرنے والے لیویز کے شہید افسران اور اہلکاروں کے یادگاری تصاویر بھی دیکھے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کی- قبل ازیں لیویز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ڈی جی لیویز طفیل بلوچ نے صوبائی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا، انہوں نے صوبائی وزیرداخلہ کو بلوچستان لیویز فورس کے کردار اور استعداد کار کے بارے بریفنگ بھی دی- صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف لیویز فورس کے شانہ بشانہ بلوچستان کی سیکورٹی ادارے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں لازوال ہیں- انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر فورسز نے امن و امان کے قیام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کی بدولت آج بلوچستان کے شہر چین اور سکون کی زندگی جی رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا یہ طرّہ امتیاز ہے کہ انہوں نے بلوچستان کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں سخت اور مشکل ترین حالات کے باوجود دہشتگردی اور شر پسندی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس کے لئے بلوچستان لیویز فورس پولیس قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور سیکورٹی فورسز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔