محمد عامر کو پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہونا چاہئے: وسیم اکرم

پاکستان کو بہتر نتائج پانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، وسیم اکرم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 مئی 2019 12:52

محمد عامر کو پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہونا چاہئے: وسیم اکرم
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مئی 2019ء) سابق ٹیسٹ کپتان اور عظیم آل راﺅنڈر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی خوش آئند لیکن محمد عامر کو بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہئے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق مایہ ناز آل راﺅنڈر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ حالیہ سیزن میں محمد عامر کو ون ڈے میچز میں وکٹیں نہیں مل پائیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ عامر ایک بہترین گیند باز ہے، اس کا تجربہ ورلڈ کپ میں ٹیم کے کام آئے گا، محمد عامر کو عالمی کپ کے لیے پاکستان سکواڈ کا حصہ ہونا چاہیے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت سے میچ ونرکھلاڑی موجود ہیں، حسین ، حسن اور آفریدی جیسے نوجوان باﺅلرز بھی سکواڈ میں شامل ہیں، اور اس کے ساتھ شاداب خان کا فٹ ہونا اور ٹیم میں واپسی خوش آئند ہے، وہ ورلڈکپ میں بہترین آپشن ہوسکتے ہیں، ان کو وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹ کا کہنا تھا کہ عالمی کپ1992ءمیں فتح یادگار اور اس سےخوشگوار یادیں وابستہ ہیں، 2019 ءکا شیڈول عالمی کپ 1992ءکی طرح ہے، ہر ٹیم کو دوسری ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا، طویل ٹورنامنٹ ہے جس ٹیم کی فزیکل فٹنس اچھی ہوگی وہ بہترکارکردگی پیش کرے گی، پاکستان کو بہتر نتائج پانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، ہماری ٹیم ہارے یا جیتے ، قوم کو اسے سپورٹ کرنا ہوگا۔