سیف گیمز میں زیادہ سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے کیلئے تربیتی کیمپ جلد از جلد لگائے جائیں، شاہ محمد شان

جمعرات 16 مئی 2019 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) قومی کراٹے ٹیم کے کوچ شاہ محمد شام نے کہا ہے کہ سیف گیمز میں زیادہ سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے کیلئے تربیتی کیمپ جلد از جلد لگائے جائیں۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈریشنز کے پاس ایک اچھا موقع آرہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں آرہی ہیں جس کے دوران فیڈریشنز کو ضلعی اور تحصیل کی سطح پر تربیتی کیمپوں کا انعقاد کرنا چاہئے جس کے دوران نوجوان ٹیلنٹ سامنے آئے گا اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کیلئے فیڈریشن قومی تربیتی کیمپ میں مدعو کرکے مزید تربیت دے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت فیڈریشن کو گرانٹ جاری کرے تاکہ فیڈریشن بھی اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکے۔ کئی ماہ سے حکومت کی جانب سے فیڈریشن کو گرانٹ جاری نہیں ہوئی اور فیڈریشنز اپنی مدد آپ کے تحت چل رہی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے شاہ محمد نے بتایا کہ قومی ٹیموں کے بننے میں پاکستان واپڈا کا اہم کردار ہوتا ہے اور ملک میں کوئی بھی کھیل حکومت اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔