گرمیوں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے منظور کی جانے والی 26 سکیموں پرابھی تک عملدآمد نہیں ہو سکا

جمعہ 17 مئی 2019 16:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2019ء) ایم سی آئی کے 3 مئی کوہونے والے اجلاس میں رمضان المبارک اور گرمیوں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے منظور کی جانے والی 15 کروڑ کی 26 سکیموں پرابھی تک کوئی عملدآمد نہیں ہو سکا۔ شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے بند پڑے ٹیوب ویلز کی بحالی، پانی کی پائپ لائنوں کی تبدیلی، لیکیج والی پائپ لائنوں کی مرمت، خراب ٹینکرز کی بحالی سمیت متعدد سکیموں پر کام شروع کیا جانا تھا لیکن ابھی تک کسی سکیم کا ٹینڈر جاری نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق جن ٹھیکیداروں کو مذکورہ سکیموں پر کام شروع کرنے کا کہا گیا انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ فنڈز کے جاری نہ ہونے سے ان کاموں کے اخراجات کی ادائیگی مشکل ہو جائے گئی، اس کیلئے ہمیں ضمانت دی جائے، رمضان المبارک کا ایک عشرہ مکمل ہونے کو ہے، پانی کی کمی پورا کرنے کیلئے منظور ہونے والے فنڈز بھی ابھی تک جاری نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں وفاقی دارالحکومت میں پانی کے بحران میں شدت آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ایم سی آئی کے شعبہ واٹر سپلائی حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی 26 سکیموں پر پیپر ورک مکمل ہو چکا ہے، اگلے ہفتہ ٹینڈر کا مرحلہ شروع ہو جائے گا، اس کے بعد کم ریٹس دینے والی کمپنیوں سے مذکورہ سکیموں پر کام شروع کرایا جائے گا۔ امید ہے فنڈز بھی تب تک جاری ہو جائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد کام شروع ہو۔

متعلقہ عنوان :