امریکی ایوان نمائندگان کی تین کمیٹیوں کے سربراہوںکا وزیر خارجہ کے نام خط، خفیہ اطلاعات کو سیاسی بنانے اور ان سے ناجائز فائدہ اٹھانے پر تشویش کا اظہار

ہفتہ 18 مئی 2019 10:10

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) امریکی ایوان نمائندگان کی تین کمیٹیوں کے سربراہوں نے وزیر خارجہ کے نام خط میں ایران کے حوالے سے خفیہ اطلاعات کو سیاسی بنانے اور ان سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی بابت تشویش ظاہر کی ہے۔سحر ٹی وی کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی انٹیلی جینس کمیٹی کے سربراہ ایڈم شِف، خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ایلیٹ انگل اور مسلح افواج کمیٹی کے سربراہ ایڈم اسمتھ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے نام خط میں ایران کے حوالے سے وزارت خارجہ کی رپورٹ پر شک کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بات پر تشویش ہے کہ یہ رپورٹ ایران پر فوجی حملے کا راستہ ہموار کرنے لیے سیاسی محرکات کے تحت اور صحیح اطلاعات پر توجہ دیئے بغیر یا اطلاعات میں رد و بدل کرکے تیار کی گئی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی تینوں کمیٹیوں کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ یہ رپورٹ حقائق سے چشم پوشی اور غلط اطلاعات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ لہذا امریکی وزارت خارجہ کو تئیس مئی تک کی مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اس رپورٹ کی تیاری کے طریقہ کار، اس کی تیاری میں شریک افراد اور اداروں کے بارے میں تفصیلی معلومات و وضاحت پیش کرے۔