پاکستان سمیت دنیا بھر میں 18مئی کوعجائب گھروں کا عالمی دن منایاگیا

دن کو منانے کا مقصد جہاں دنیا بھر کی عوام کو تہذیب و ثقافت سے آگہی دینا ہے وہاں ماضی کی تاریخ کو محفوظ بنانے سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے، رپورٹ

ہفتہ 18 مئی 2019 13:03

پاکستان سمیت دنیا بھر میں 18مئی کوعجائب گھروں کا عالمی دن منایاگیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں 18مئی کوعجائب گھروں کا عالمی دن منایاگیا، اس دن کو منانے کا مقصد جہاں دنیا بھر کی عوام کو انکی تہذیب و ثقافت سے آگہی دینا ہے وہاں ماضی کی تاریخ کو محفوظ بنانے سے متعلق شعور بیدار کرنا بھی ہے۔دننیا بھر میں عجائب گھروں کی تنظیم انٹر نیشنل کونسل آف میوزیم نے 1978 سے 18 مئی کو انٹر نیشنل میوزیم ڈے یعنی عجائب گھروں کے عالمی دن کے طور پرمنانے کا اعلان کیا جس کے بعد سے اب تک ہر سال 18 مئی کو دنیا بھر عجائب گھروں کا عالمی دن منایا جاتاہے۔

عجائب گھروں میں فنی تخلیقات، سائنسی نمونوں اور تاریخی ورثہ کے علاوہ دیگر اشیا آنے والی نسلوں اور عوامی آگہی کیلئے محفوظ کی جاتی ہیں۔دنیا کا شاید ہی کوئی ملک ہو جہاں میوزیم موجود نہ ہو،ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اسوقت لگ بھگ ڈیڑھ ہزار کے قریب میوزیم ہیں، برطانیہ میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں میوزیم بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں قدیم ترین عجائب گھروں میں سے لاہور کا عجائب گھرسب سے بڑا ہے اور اس میوزیم کی بنیاد 1855 میں رکھی گئی تھی ۔

لاہور کے عجائب گھر میں گندھارا آرٹ کے نایاب ترین مجسموں کے علاوہ منی ایچر، مصوری کے تاریخی تین ہزار نمونے اور چالیس ہزار سے زیادہ سونے،چاندی اور تانبے کے سکے موجود ہیں۔عالمی سطح پر معروف پاکستانی عجائب گھروں میں موہنجوداڑو، پشاور ، بہاولپور، ٹیکسلا اور ہڑپہ میں قائم کیے گئے عجائب گھرشامل ہیں۔ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق عجائب گھر نہ صرف قوموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں ثقافتی تبادلے، تہذیب اور باہمی افہام و تفہیم کی ترقی، تعاون اور امن کا ذریعہ بھی سمجھے جاتے ہیں۔