موبائل فون مینو فیکچرنگ کیلئے پالیسی ڈرافٹ کی تیاری خوش آئند ہے ‘ خوشحال خان

صرف زراعت ،ٹیکسٹائل سیکٹر کے بل بوتے پر معیشت کو ترقی نہیں دی جا سکتی ،آمدنی کیلئے نئے شعبے تلاش کرنا ہونگے موبائل کی مقامی سطح پر مینو فیکچرنگ سے امپورٹ بل میں کمی ،نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آئینگے

اتوار 19 مئی 2019 12:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2019ء) موبائل فون مینو فیکچرنگ کیلئے پالیسی ڈرافٹ کی تیاری انتہائی خوش آئند ہے ،مقامی سطح پر مینو فیکچرنگ سے نہ صرف امپورٹ بل میں کمی ہو گی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے ،معیشت کو ترقی دینے کیلئے روایتی مصنوعات کی مینو فیکچرنگ سے آگے بڑھنا ہوگا اس کیلئے دوسرے ممالک کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کیلئے معاہدے کئے جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والی معروف کاروباری شخصیت خوشحال خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے موبائل ڈیوائس مینو فیکچرنگ پالیسی کے ڈرافٹ کی تیاری پر اپنے رد عمل میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آباد ی میں بڑی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ایسے حالات میں صرف زراعت اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے بل بوتے پر معیشت کو ترقی نہیں دی جا سکتی ا س لئے ہمیں آمدنی کیلئے نئے شعبے تلاش کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پاکستان اینڈرائیڈ موبائل کی امپورٹ پر سالانہ لاکھوں ڈالر خرچ کرتا ہے اگر ہم مقامی سطح پر اس میں کامیابی حاصل کر لیتے ہیں تو ہمارے امپورٹ بل میں بڑے پیمانے پر کمی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ آٹو انڈسٹری کے بعد موبائل انڈسٹری کے قیام کیلئے پیشرفت انتہائی خوش آئند ہے اور اس سے ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبک جدید ٹیکنالوجی بھی پاکستان میں منتقل ہو گی ۔ خوشحال خان نے کہا کہ حکومت اس طرز کی انڈسٹری کو ٹیکسز میں چھوٹ اور مراعات دے جس سے ہماری برآمدات بڑھیں گی اورمضبوط معیشت کا خواب ممکن ہو سکے گا۔