ہائیکورٹ نے نئے ٹور آپریٹرز کو اضافی پرائیویٹ حج کوٹہ جاری کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں 27 مئی تک توسیع کردی

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جواب داخل ،درخواستیں دائر کرکے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘سرکاری وکیل

پیر 20 مئی 2019 13:33

ہائیکورٹ نے نئے ٹور آپریٹرز کو اضافی پرائیویٹ حج کوٹہ جاری کرنے کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے نئے ٹور آپریٹرز کو اضافی پرائیویٹ حج کوٹہ جاری کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں 27 مئی تک توسیع کردی۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے حج گروپ آرگنائزیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 2013ء میں سعودی حکومت نے حرم پاک کی توسیع کی وجہ سے 20 فیصد حج کوٹہ کم کردیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے ملنے والے کوٹہ کا 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی ٹور آپریٹرز کو ملنا ہے ،رواں برس سعودی حکومت نے 15790 کا ایڈیشنل کوٹہ پاکستانی حکومت کو دیدیا ہے،وزارت مذہبی امور ایڈیشنل کوٹہ 6316 نئے نجی ٹور آپریٹرز میں تقسیم کررہی ہے، سرکاری کوٹہ دینے پر اعتراض نہیں لیکن 40 فیصد کوٹہ نئے ٹور آپریٹرز کو نہیں دیا جاسکتا، پانچ ہزار کا کوٹہ پہلے ہی نئے ٹور آپریٹرز کو جاری کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ 6316 کے کوٹہ نئے ٹور آپریٹرز کو تقسیم کرنے سے روکا جائے اور وزارت مذہبی امور پرانے ٹور آپریٹرز میں کوٹہ تقسیم کرے۔عدالتی حکم پر وزارت مذہبی امور کی جانب سے جواب داخل کرادیا گیا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواستیں دائر کرکے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، درخواست ناقابل سماعت ہے لہٰذا اسے مسترد کیا جائے۔فاضل عدالت نے نئے ٹور آپریٹرز کو اضافی پرائیویٹ حج کوٹہ جاری کرنے کیخلاف حکم امتناعی میں 27مئی تک توسیع کردی۔