زرعی ترقیاتی بینک کے ذریعے کپاس ، دھان و دیگر فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی جاری

منگل 21 مئی 2019 14:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کے ذریعے کپاس ، دھان و دیگر فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی بھر پور طریقے سے جاری ہے اور اب تک چھوٹے کاشتکاروں کو بالعموم جبکہ دیگر کسانوں کو بالخصوص بھاری مالیت کے زرعی قرضے جاری کئے جا چکے ہیں تاکہ وہ بیج ، کھاد ، زرعی ادویات ، زرعی آلات اور دیگر زرعی مداخل کے حصول کے ذریعے سرسبز انقلاب لانے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکیں۔

زرعی ترقیاتی بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ قرضوں کی بر وقت فراہمی یقینی بنانے اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے تمام اضلاع کے ڈی سیز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو ، اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں شکایات سیل قائم کردیئے گئے ہیں اور قرضوں کے حصول کیلئے خواہشمند تمام چھوٹے کاشتکاروں کوہدائت کی گئی ہے کہ و ہ کسی بھی قسم کی شکایت ، مسئلہ یا مشکل کی صورت میں فوری طور پر مذکورہ شکایات سیل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کے تحت پاس بکس کے ذریعے 25 ایکڑ آبپاش اور 50 ایکڑ تک بارانی رقبہ کے مالکان کو زرعی ترقیاتی بینک کے توسط سے کپاس، دھان اور دیگر فصلات خریف کی کاشت کیلئے قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی ترقیاتی بینک کی تمام برانچز کے حکام سے کہاگیاہے کہ قرضوں کے اجراء کے ضمن میں کسی غفلت ، لاپرواہی اورکوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔