پندرہویں قومی اسمبلی کی پہلے 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی

منگل 21 مئی 2019 15:30

پندرہویں قومی اسمبلی کی پہلے 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) ملک کی پارلیمانی تاریخ کی پندرہویں قومی اسمبلی کی پہلے 9 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق 13 اگست 2018ء کو شروع ہونے والی 15ویں اسمبلی کے اب تک 9 سیشن ہو چکے ہیں، 9 سیشنز کے دوران 89 دن تک اسمبلی کی کارروائی چلائی گئی۔ اپوزیشن ارکان کو اسمبلی کارروائی کے دوران زیادہ وقت ملا جس کے مطابق اپوزیشن ارکان کو مجموعی طور پر 48 گھنٹے 21 منٹ کا وقت دیا گیا جبکہ اپوزیشن کے مقابلہ میں حکومتی ارکان 35 گھنٹے 19 منٹ کا وقت حاصل کرسکے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں 23 حکومتی اور 47 نجی بل پیش کئے جا چکے ہیں۔ اب تک 8 حکومتی اور ایک نجی بل منظور کئے گئے، قومی اسمبلی میں 22 قراردادیں منظور کی گئی۔ حضور اکرمؐ کے یوم ولادت پر خراج عقیدت پیش کرنے اور انسانی حقوق اور بچوں کے عالمی دن کے حوالہ سے قرارداد منظور کی گئی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف بھی قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی۔ قومی اسمبلی میں 1071 سوالات کے جوابات پیش کئے گئے۔ 85 توجہ دلائو نوٹس اجلاس کی کارروائی میں شامل کئے گئے۔ سپیکر نے حکومت کے مقابلہ میں اپوزیشن کو زیادہ بات کرنے کا موقع فراہم کیا۔