مختلف علاقوں میں پھل اور سبزی فروش شہریوں سے من مانے دام بٹورنے لگے، ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر

بدھ 22 مئی 2019 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پھل اور سبزی فروش شہریوں سے من مانے دام بٹورنے لگے، انتظامیہ کی جانب سے جاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کے سروے کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں رمضان کا مہینہ شروع ہوتے ہی مختلف مقامات پر سبزی اور فروٹ کے سٹالز اور ٹھیلے لگ جاتے ہیں تاہم ان کے پاس نہ تو انتظامیہ کی جانب سے جاری ریٹ لسٹ ہوتی ہے اور نہ ہی وہ اس پر عملدرآمد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ یہ سبزی اور پھل مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان سٹالوں اور ٹھیلوں کو بھی سرکاری ریٹ لسٹ کا پابند بنائیں اور یہاں بکنے والی سبزیوں اور پھلوں کے معیار پر بھی نظر رکھیں۔ شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ یہ سٹال اور ٹھیلے زیادہ تر صرف رمضان کے ماہ میں لگائے جاتے ہیں اور یہ لوگ مصروف جگہوں کا انتخاب کرتے ہیں جہاں پہلے ہی بہت رش ہوتا ہے اور ان کی وجہ سے مزید رکاوٹ آتی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :