ندا ڈار کی ففٹی رائیگاں، جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن کو چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا،

جنوبی افریقہ ویمن نے 173 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کیا، لیزل لی کی 60 رنز کی جارحانہ اننگز، فاطمہ ثناء کی 3 وکٹیں، لیزل لی میچ کی بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 22 مئی 2019 22:31

ندا ڈار کی ففٹی رائیگاں، جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن کو چوتھے ..
بنوئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) لیزل لی کی جارحانہ ففٹی کی بدولت جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے پاکستان ویمن کو چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی، پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، ندا ڈار نے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جواب میں جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں پر حاصل کیا، لیزل لی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، ندا ڈار کی ففٹی رائیگاں گئی، لیزل لی میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

بدھ کو بنوئی میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 10 کے سکور پر دونوں اوپنرز جویریہ خان 4 اور سدرہ امین 6 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئیں، اس موقع پر کپتان بسمعہ معروف اور ندا ڈار نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف بائولرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 106 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 116 تک پہنچا دیا، بسمعہ 37 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئیں، اس کے بعد عالیہ ریاض نے ندا کا ساتھ دیا، دونوں نے مل کر سکور 141 تک پہنچا دیا، یہاں پر ندا ڈار جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہی تھیں کیریئر بہترین 75 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئیں، ارم جاوید 4 رنز بنا کر چلتی بنیں، عالیہ ریاض 35 اور کائنات امتیاز ایک رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔

(جاری ہے)

شبنم اسماعیل نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، لیزل لی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، ڈی کلیرک 22، ٹرائون 21 برٹز 18 رنز بنا سکیں، سینالو جفتا 14 اور شبنم اسماعیل 10 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، فاطمہ ثناء نے 3 عالیہ ریاض، ندا ڈار اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک وکٹ لی۔