ہزارہ موٹر وے پولیس نے کشمیر سے چوری شدہ گاڑی کو کوٹ نجیب الله کے قریب پکڑ کر کار لفٹر کو گرفتار کر لیا

جمعرات 23 مئی 2019 14:24

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) ہزارہ موٹر وے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کشمیر سے چوری شدہ گاڑی کو کوٹ نجیب الله کے قریب پکڑ کر کار لفٹر کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہزارہ موٹر وے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کشمیر سے سیاہ مہران گاڑی نمبر ایف وائے 209 جو چوری ہو گئی ہے، کی اطلاع ملتے ہی پی او سدھیر اور پی او نصیر خان نے افسران بالا کو اطلاع دی جس پر موٹروے پولیس کے ایس پی او یاسر عرفات، اے پی او سید صلاح الدین شاہ نے کوٹ نجیب الله پولیس کو اطلاع کی جس پر تھانہ کوٹ نجیب پولیس اور ہزارہ موٹر وے پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی۔

اسی دوران ہزارہ موٹر وے پولیس نے کوٹ نجیب الله انٹر چینج پر ملزم محمد نصیر ولد محمد رشید سکنہ بھیرہ خانپور ضلع ہری پور کو جو حطار انٹرچینج سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، کو بمعہ گاڑی گرفتار کر کے تھانہ کوٹ نجیب الله کے حوالہ کر دیا۔ گاڑی سے ملنے والے کاغذات کے مطابق گاڑی کے مالک کا نام عبدالخالق ولد ملک محمد انور سکنہ کوہ نور ملز راولپنڈی ہے، جب اس سے رابطہ کیا گیا تو اس نے بتایا کہ اس نے تھانہ نصیر آباد میں گاڑی کی چوری کی ایف آئی درج کروا رکھی ہے۔