ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے، چیف سیکرٹری

آئی ڈیپ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کرے،یوسف نسیم ی ایچ کیو، 16ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، اجلاس کو بریفنگ

جمعرات 23 مئی 2019 18:28

لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پنجاب (آئی ڈیپ) کو ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے،آئی ڈیپ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے، اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینا ہوگا، کسی بھی ادارے کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی نہایت اہم ہے،آئی ڈیپ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ( پی پی پی) کے منصوبوں کی کامیابی میں یہ ادارہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ شہروں کی طرح دیہی علاقوںمیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہعوام کو معیاری طبی سہولتیںان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل فراہم جا رہے ہیں۔دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کو پرکشش تنخواہ اور مراعات دی جارہی ہیں تاکہ وہ زیادہ محنت اور جذبے سے کام کریں۔

چیف سیکرٹری نے صوبہ میں 26ڈی ایچ کیو اور 16ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کا کام مکمل کرنے پرآئی ڈیپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مزید 25ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے نشتر ہسپتال ٹو ملتان اور مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال میانوالی کے پی سی ون کی منظوری اور اٹک یا بہاولنگر میں اسی طرح کے ہسپتال کے قیام سے متعلق تجاویز تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

چیف سیکرٹری نے آئی ڈیپ آفس کے مختلف حصوں اور ڈے کیئر سنٹر کا معائنہ بھی کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئی ڈیپ مجاہد شیر دل نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی صوبہ میں 22منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس میں سے آٹھ منصوبوں پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ جبکہ 14پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ صحت سے سیکرٹریز ور اور آئی ڈیپ کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :