ساہیوال ،صوبائی وزیراطلاعات و نشریات سید صمصام علی شاہ بخاری کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ

جمعہ 24 مئی 2019 16:09

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) صوبائی وزیراطلاعات و نشریات سید صمصام علی شاہ بخاری نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ایمرجنسی میں دی جانے والی طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں کے لواحقین سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔صوبائی وزیر نے خود کار مشینوں پر ہونے والے ٹیسٹوں کا بھی جائزہ لیااور اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہو ں نے ہسپتال کی صفائی معیار کو تسلی بخش قرار دیا اور اسے مزیدبہتر بنانے کی ہدایت کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد نذیر نے صوبائی وزیر کوبتایا کہ ہسپتال Phototherapy, Flouroscopy, endoscopyکی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ لیبارٹری اور ایکسرے کو چوبیس گھنٹے کیلئے فنگشنل کر دیا گیاہے تا کہ مریضوں کو علاج معالجے اور تشخیص میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کی خدمات کو سراہا۔دورے کے دوران کمشنر ساہیوال ڈویژن عار ف انور بلوچ‘ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو ‘ڈی پی او کپیٹن (ر) محمد علی ضیاء ‘تحریک انصاف کی سینئر قیادت میجر(ر) غلام سرور ‘رانا آفتاب احمد ‘رائو اسلم‘میاں انوارالحق اور دیگر کارکن بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے اختتام پر پی ٹی آئی کے راہنما رانا آفتاب احمد خان کی طرف سے مقامی مارکی میں ان کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں پی ٹی آئی راہنمائوں ‘کارکنوں ‘تاجروں اور صحافیوں کے علاوہ مختلف شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔