لکی مروت:دو روز کی بارشوں سے سڑکوں کو شدید نقصان

بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور دیہی علاقوں کا لکی شہر سے رابطہ منقطع

جمعہ 24 مئی 2019 21:18

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) لکی مروت کے مختلف علاقوں میں گذشتہ دو روز کی بارشوں سے سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور دیہی علاقوں کا لکی شہر سے رابطہ منقطع رہا جبکہ دیہاتوں اور شہری علاقوں کے مابین ٹریفک بھی بند رہی ۔یہی نہیں بلکہ اپنے کاموں کی غرض سے شہر آنے والے لوگ پھنس گئے اور انہیں واپس گھروں کو جانے میں خاصی مشکلات پیش آئیں۔

مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیشتر علاقوں میں سڑکوں اور چھوٹے بڑے پلوں کو کافی نقصان پہنچا ،پہلے ہی سے خستہ حالی کی شکار تاجہ زئی درہ تنگ روڈ میں موجود گڑھے مزید گہرے ہوگئے اور ان میں پانی جمع ہونے سے مصروف ترین شاہراہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔

(جاری ہے)

بیسیوں دیہاتوں کو لکی شہر سے جوڑنے والی میلہ مندرہ خیل زنگی خیل روڈ پر سیلابی پانی آنے کے باعث ٹریفک کے لئے بند رہی اور اس پر موجود پل کو نقصان پہنچا ،لکی شہر میں غلاظت اور گندگی سے لبریز نکاسی آب کے نالے ابل پڑے اور پانی نہ صرف سڑکوں پر بلکہ گلی راستوں میں بہنے لگا۔

رمضان المبارک کے دوران محلہ حقداد آباد کی مصروف ترین حاجی محمود سٹریٹ اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہیں کی گئی ہے، بارشوں کے سبب غزنی خیل فیڈر سے منسلک متعدد دیہاتوں کی بجلی آخری اطلاعات آنے تک بحال نہیں کی جاسکی تھی ۔ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر عید نواز شیرانی اور دیگر متعلقہ افسران و محکمہ مال کے اہلکاروں نے میلہ مندرہ خیل زنگی خیل روڈ اور اس پر موجود پل کا معائنہ کیا اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ،مقامی انتظامیہ نے بھرپور کوششوں کے بعد دیہی اور شہری علاقوں کے مابین ٹریفک بحال کرکے نقصانات کی رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی۔