منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری سے ملاقات

وفد نے صوبائی وزیر کوڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسائکلو پیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میں آسانی ہو گی: صوبائی وزیر اطلاعات ھ* ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوان نسل کو علم، امن کی تعلیم دے رہے ہیں: سید صمصام بخاری

جمعہ 24 مئی 2019 22:06

منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری سے ملاقات کی ۔وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسا ئیکلو پیڈیا کا سیٹ تحفے میں دیا اور انہیںتحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت دی ۔

سید صمصام بخاری نے شہر اعتکاف کے وزٹ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3جون کو شہر اعتکاف آ ئیں گے ، وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالحفیظ چودھری ، حاجی محمد اسحاق اور ثاقب بھٹی شامل تھے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہر شخص قرآن حکیم سے جڑ جائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری کی تالیف قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے اللہ کے کلام کو سمجھنے میں آسانی ہو گی۔قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے مطالعہ سے قرآن پاک کا امن و آشتی ،حقوق و فرائض پر مبنی پیغام عام ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تالیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ انسائیکلو پیڈیا ہر گھر میں ہونا چاہیے اس کے مطالعہ سے انسان کویہ جاننے میں آسانی ہو جائے گی کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کس بات کا تقاضا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی و تجدیدی خدمات عالم اسلام کیلئے تاریخی اثاثہ ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے قرآن و سنت پر مبنی جتنا علمی کام پاکستانی قوم و عالم اسلام کیلئے کیا وہ قابل تحسین ہے۔قرآنی انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر طاہر القادری کی عظیم علمی،تحقیقی اور دینی کاوش ہے،انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجتماعی اعتکاف کے تصور کو عملی شکل دے کر تربیت کا بہت عظیم انسٹیٹیوٹ بنا دیا ہے،میں 3 جون کو شہر اعتکاف کا مہمان بنوں گا اور شہر اعتکاف کے مکینوں کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کروں گا۔

سید صمصام بخاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت،سلامتی اور لمبی عمر کیلئے دعا گو ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے نوجوانوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ کے چراغ جلائے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کی سینکڑوں کتب،ہزاروں خطابات اسلام اور امت مسلمہ کیلئے خدمت کا ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی علم اور امن میں ہے، مجھے خوشی ہے تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوان نسل کو علم اور امن کی تعلیم دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ علم اور امن کے فروغ کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام طبقات اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میری اولین کوشش ہے کہ سوسائٹی کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے نوجوانوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں۔وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو تحریک منہاج القرآن کی فلاحی و علمی خدمات پر بریفنگ دی۔