سعودی عرب میں آن لائن نکاح ناموں کا اجراءشروع

یہ آن لائن نکاح نامے سعودی وزارت انصاف کی ویب سائٹ سے جاری کیے جا رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 مئی 2019 16:54

سعودی عرب میں آن لائن نکاح ناموں کا اجراءشروع
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،25 مئی 2019ء) وزارت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سے نکاح ناموں کا اجراءوزارت کی ویب سائٹ سے آن لائن کیا جائے گا۔ وزارت کے مطابق یہ سہولت شادی کے اندراج سے متعلق کارروائی کو تیز تر بنانے کی غرض سے کی گئی ہے۔ اس اقدام سے کم سے کم وقت میں نکاح نامے کا اندراج ہو سکے گا اور رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑے کو نکاح نامہ کی کاپی فوری طور پر فراہم ہو جائے گی۔

اس آن لائن نکاح نامے کے اندراج کے لیے شادی سے پیشتر دُلہا دُلہن کے کوائف اور میڈیکل رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہو گی۔ اگر کوئی مطلقہ خاتون دوبارہ سے نکاح کرنا چاہتی ہے تو اُسے آن لائن نکاح کی سہولت حاصل کرنے کے لیے طلاق نامے کی نقل فراہم کرنا ہو گی۔ تاکہ اس بات کی توثیق ہو سکے کہ مطلقہ خاتون نے عدت کی مُدت پُوری کر لی ہے اور اُس کا اپنے پہلے خاوند سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نکاح نامے کا سر ٹیفکیٹ اُسی وقت جاری ہو گا جب اس نکاح میں شامل فریقین کی جانب سے فنگر پرنٹس مہیا کیے جائیں گے۔ جبکہ دُلہا اور دُلہن کے نجی کوائف کے علاوہ گواہوں اور دُلہن کے ولی کے بیانات اور جہیز کی تفصیلات بھی فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔ وزارت کی ویب سائٹ کے مطابق شعبان کے مہینے تک ہی آن لائن نکاح نامے کے اندراج کی گنتی 13 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ سب سے زیادہ آن لائن نکاح ناموں کا اندراج مکّہ اور ریاض میں ہوا جس کا تناسب 46 فیصد رہا۔ مکّہ میں روزانہ اوسطاً 392 نکاح رجسٹرڈ کروائے جارہے ہیں جبکہ ریاض میں یہ روزانہ اوسط 1457 ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :