پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا قبائلی اضلاع کے متاثرین کے لئے22کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ

جمعرات 13 جون 2019 16:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کے کمپلیکس ایمرجنسی ونگ سابقہ(ایف ڈی ایم ای) نے قبائلی اضلاع کرم ، اورکزئی اور ایف ار ٹانک کے مارچ 2015 ء سے قبل اپنے اپنے علاقوں کو واپس جانے والے متاثرین کے لئے ریٹرن کیش گرانٹ کی صورت میں تقریبا 22 کروڑ روپے کے فنڈز ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مذکورہ علاقوں کے ساڑھے 8 ہزار سے زائد وہ خاندان مستفید ہونگے جو نادرا سے تصدیق شدہ ہوں اور باقاعدہ رضاکارانہ واپسی فارمز کو پر کرکے واپس جا چکے ہیں ۔

پی ڈی ایم اے ترجمان نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کرتے ہو ئے بتایا ہے کہ اس بارے میں کرم، اورکزئی، ایف ار ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈی ڈی ایم اوز اور مذکورہ علاقوں میں متعین کمپلیکس ایمرجنسی ونگ کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹرز کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں کے ایسے تمام متاثرین خاندان جن کی واپسی رضاکارانہ واپسی فارمز کے ذریعے سے مارچ 2015 ء سے قبل ہو ئی تھی اور جن کو واپسی کے وقت دی جانے والی 25000کی نقد امداد نہیں ملی تھی کیونکہ اس وقت اس قسم کی امداد کسی کو نہیں دی جارہی تھی تاہم سابقہ ایف ڈی ایم اے نے ان واپس شدہ متاثرین کے ساتھ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ان کے لئے فنڈز کا مطالبہ کیا جس کی منظوری کے بعد مذکورہ بالا متاثرین کو فی خاندان 25000روپے بطور ریٹرن کیشن گرانٹ دئے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 22کروڑ کے قریب فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

مراسلے میں ان تمام علاقوں کے واپس شدہ اور تصدیق شدہ خاندانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رقم کی بذریعہ سم کارڈ وصولی کے لئے اپنے اپنے قریبی فرنچائز سے رابطہ کرکے سم کارڈ حاصل کریں تاکہ ان کو رقم کی وصولی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی سی ٹی نے بتایا کہ مذکورہ تمام خاندانوں کی لسٹیں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کی گئی ہیں اور کمپلیکس ایمرجنسی ونگ کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں جہاں سے مذکورہ علاقوں کے متاثرین خاندان اپنے اپنے سٹیٹس کی تصدیق کرسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :