کمانڈر62 بریگیڈ بریگیڈئیر منیر اظہر کاہلوں ، سینئر وزیر گلگت بلتستان حاجی اکبر تابان اور دیگر کا شگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعہ 14 جون 2019 15:40

کمانڈر62 بریگیڈ بریگیڈئیر منیر اظہر کاہلوں ، سینئر وزیر گلگت بلتستان ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) کمانڈر62 بریگیڈ بریگیڈئیر منیر اظہر کاہلوں ، سینئر وزیر گلگت بلتستان حاجی اکبر تابان، کمشنر بلتستان، رکن قومی اسمبلی، مسلم لیگ(ن) کے صدر طاہر شگری ، رکن کونسل اشرف صدا نے شگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس سے قبل متاثرین کی جانب سے پینے کے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کے طور پر مین شگر روڈ بلاک کر دی گئی تھی جس پر بریگیڈیئر اظہر محمود نے متاثرین سیلاب کے لئے ٹینٹ ، راشن اور دیگر امدادی سامان کی فوری فراہمی کا اعلان کردیا جبکہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر متاثرین نے اظہار تشکّر کے طور پر پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ دوسری جانب کمشنر بلتستان، ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین میں کھانے پینے کی اشیاء اور ٹینٹ تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر کی جانب سے جاں بحق افراد کے لئے 6 لاکھ زخمیوں کو 3 لاکھ فوری امداد کا اعلان کیا گیا جبکہ مزید مدد اور متاثرین کی بحالی کا بھی اعلان کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام ڈپٹی کمشنر زین العابدین میرانی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نقصانات کا اندازہ لگانے کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی جبکہ متاثرہ افراد کی مکمل بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ آخری اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے متاثرین میں کھانے پینے کے سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔