قومی ٹیم 35ویں ایشین، ساتویں ایشین ٹیم اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قطر پہنچ گئی، ایونٹ کا آغاز کل ہو گا، بلا، اسجد، بابر اور ذوالفقار ایکشن میں دکھائی دیں گے

ہفتہ 15 جون 2019 16:11

قومی ٹیم 35ویں ایشین، ساتویں ایشین ٹیم اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) قومی ٹیم 35ویں ایشین، ساتویں ایشین ٹیم اور آٹھویں سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے قطر پہنچ گئی۔ ایونٹ کا آغاز کل اتوار سے ہو رہا ہے جس میں محمد بلال، اسجد اقبال، بابر مسیح اور ذوالفقار عبدالقادر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم تین چیمپئن شپس میں شرکت کیلئے قطر پہنچ چکی ہے، ٹیم محمد بلال، اسجد اقبال، بابر مسیح اور ذوالفقار عبدالقادر پر مشتمل ہے جبکہ پی بی ایس اے کے میڈیا کو آرڈینیٹر نوید کپاڈیہ بھی ٹیم کے ہمراہ ہیں جو کہ چیمپئن شپس میں بطور ریفری فرائض سر انجام دیں گے۔

ٹیم ایونٹ میں پاکستان اے ٹیم بلال اور اسجد جبکہ پاکستان ٹیم بی ذوالفقار اور بابر پر مشتمل ہے۔ پی بی ایس اے حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ چاروں کیوئسٹس باصلاحیت ہیں، امید ہے کہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ واپس وطن لوٹیں گے۔ واضح رہے کہ ان تین چیمپئن شپس کے اختتام پر محمد بلال اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستانی ٹیم اے قطر میں ہی 29 جون سے 2 جولائی تک کھیلی جانے والی دوسری آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم کپ میں شرکت کرے گی۔

متعلقہ عنوان :